BBC navigation

جان کیری امریکہ کے نئے وزیر خارجہ

آخری وقت اشاعت:  بدھ 30 جنوری 2013 ,‭ 22:25 GMT 03:25 PST

امریکہ میں سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے بعد سینیٹ نے بھی بھاری اکثریت سے سینیٹر جان کیری کی وزیر خارجہ کے عہدے کے لیے منظوری دے دی ہے۔

جان کیری سبکدوش ہونے والی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کی جگہ لیں گے۔ ہلری کلنٹن اس جمعہ کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہی ہیں۔

وہ اٹھائیس سال سینیٹ کی کمیٹی برائے امور خارجہ میں شامل رہے ہیں اور چار اس کے سربراہ رہے ہیں۔

کلِک جان کیری کی بہادری یا حماقت؟

کلِک ’جان کیری سید ہیں‘

سینیٹ میں ان کی نامزدگی کی ووٹنگ میں 94 اراکین نے ان کے حق میں جبکہ تین نے ان کے خلاف ووٹ دیے۔

ان کی نامزدگی پر صدر اوباما نے کہا تھا کہ سینیٹر جان کیری کو اس عہدے کے لیے تربیت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ صدر اوباما نے امید ظاہر کی تھی کہ سینیٹ میں ان کی نامزدگی کی توثیق فوری ہو جائے گی۔

جان کیری سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ وہ سنہ 2004 کی صدارتی دوڑ میں ڈیموکریٹ جماعت کے امیدوار تھے۔

جان کیری کی نامزدگی سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزن رائس کے اس عہدے پر فائز ہونے کے امکانات روشن تھے۔ تاہم پچھلے ہفتے انہوں نے بن غازی میں حملے میں چار امریکی سفارتکاروں کی ہلاکت پر تنقید ہونے پر اپنا نام واپس لے لیا تھا۔

وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد شام میں جاری بحران، امریکی فوج کا افغانستان سے انخلا اور ایران کا ایٹمی پروگرام ان کی توجہ کا مرکز ہو گا۔

سینیٹر جان کیری ویت نام جنگ لڑ چکے ہیں اور 2004 کے صدارتی انتخابات میں وہ جارج بش سے ہار گئے تھے۔ وہ 2008 میں بھی وزیرِ خارجہ کے عہدے کے لیے امیدوار تھے لیکن ان کی جگہ ہلیری کلنٹن کو اس عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔

کیری نے کئی مواقع پر اور خاص طور پر افغانستان اور پاکستان میں اوباما انتظامیہ کی غیر سرکاری حیثیت میں مدد کی ہے۔

عہدہ ملنے کے بعد سینیٹر کیری کو ریاست میساچیوسٹس سے اپنی نشست خالی کرنی ہو گی اور اس نشست کو جیتنے کے لیے ڈیموکریٹ جماعت کو سخت مقابلے کا سامنا ہو گا۔

"جب جان کیری سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین تھے تو انہوں نے بہت مثبت کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوئے۔"

ترجمان پاکستان دفتر خارجہ

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان معظم خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جان کیری کی بطور وزیر خارجہ منظوری پر کہا کہ ان کا پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے میں بہت اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب جان کیری سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین تھے تو انہوں نے بہت مثبت کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی نامزدگی کی جو سماعت ہوئی ہے اس میں بھی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے ان کی بڑی اچھی رائے تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہلری کلنٹن نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کیے۔ ’ابھی دونوں کا موازنہ کرنا قبل از وقت ہے کیونکہ ایک نے اپنی ٹرم ختم کی ہے اور دوسرا شروع کرنے جا رہا ہے۔ یہ تو آگے دیکھنا ہو گا۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔