امریکہ کا بہترین وقت ابھی آنے والا ہے: اوباما

آخری وقت اشاعت:  بدھ 7 نومبر 2012 ,‭ 08:57 GMT 13:57 PST

آپ نے مجھے ایک بہتر صدر بنایا ہے: براک اوباما

امریکی شہر شکاگو میں منگل کے روز صدارتی انتخاب میں دوسری مدت کے لیے فتح کے بعد صدر براک اوباما نے ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا بہترین وقت ابھی آنے والا ہے۔

امریکی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’آپ نے آج روایتی سیاست کے لیے نہیں بلکہ کارکردگی کے لیے ووٹ ڈالا ہے‘۔

انھوں نے کہا کہ ہم ایک امریکی کنبہ ہیں اور ہماری کامیابی اور ناکامی ایک دوسرے سے جڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا سفر کٹھن اور طویل رہا ہے مگر ہم نے خود کو اٹھا لیا ہے اور ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ امریکہ کا بہترین وقت ابھی آئے گا۔

صدر اوباما نے بتایا کہ انھوں نے گورنر رومنی کو ایک کانٹے دار انتخابی مہم چلانے کی مبارکباد دینے کے لیے فون کیا اور آئندہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور امریکہ کو آگے لے جانے کے لیے پر امید ہیں۔

انھوں نے کہا کہ البتہ امریکی سیاست میں رکاوٹیں اور تنوع ختم نہیں ہو جائے گا مگر یہ تنوع اور آزادئ اظہارِ رائے ہی ہماری آزادی کی نشانی ہیں۔

سیاست کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ناقدین اسے انا کی جنگ یا خصوصی لابیئوں کا میدان کہتے ہیں مگر عام لوگوں اور رضا کاروں سے بات کر کے آپ کو معلوم ہوگا کہ ان کی آواز میں ایک عزم ہے اپنے ملک کو بہتر بنانے کا اور یہی عزم ہماری پہچان ہے۔

مستقبل کے بارے میں صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک ایسا ملک ورثے میں دینا چاہتے ہیں جو کہ محفوظ ہو، پوری دنیا میں باعزت ہو، جس کا دفاع دنیا کی بہترین فوج کرتی ہو اور ساتھ ہی ایسا ملک جو کہ جنگوں سے دور ایک ایسے امن کو جنم دے سکے جس کی بنیاد ہر انسان کے لیے آزادی اور وقار ہو‘۔

صدر نے امریکی عوام سے کہا کہ چاہے آپ نے مجھے ووٹ دیا ہو یا نہیں، میں نے آپ کی آواز سن لی ہے۔ ’میں نے آپ سے سیکھا ہے اور آپ نے مجھے ایک بہتر صدر بنایا ہے۔ آپ کی رائے اور کہانیوں کے ساتھ میں وائٹ ہاؤس پہلے سے زیادہ پرعزم جا رہا ہوں‘۔

اپنے آئندہ کے اہداف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے معیشت میں بہتری، خسارے میں کمی، ٹیکس نظام کی اصلاح، ملک میں تارکینِ وطن کے نظام کو ٹھیک کرنا اور غیر ملکی تیل سے چھٹکارے کا ذکر کیا۔

صدر اوباما نے کہا کہ ’امریکہ کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ دولت ہے مگر یہ ہماری امارت کی وجہ نہیں، ہماری فوج دنیا کی مضبوط ترین ہے مگر یہ ہماری طاقت کی بنیاد نہیں، ہماری ثقافت اور تعلیم کو دنیا رشک کی نگاہ سے دیکھتی ہے مگر یہ وجہ نہیں جس سے لوگ امریکہ آنا چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’امریکہ کو غیر معمولی بنانے والا عنصر وہ رشتے ہیں جو دنیا کے اس سب سے متنوع معاشرے کو جوڑے ہوئے ہیں، وہ یقین ہے کہ ہماری قسمت ایک دوسرے سے منسلک ہے۔‘

صدر نے اپنے نائب صدر جو بائڈن، اپنی اہلیہ مشیل اوباما کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میری انتخابی مہم کی ٹیم ایک بہترین انتخابی ٹیم تھی اور ان سب نے ایک شکرگزار صدر کا تشکر کمایا ہے۔

اس سے پہلے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما کے حریف مٹ رامنی نے کہا کہ میں صدر اوباما کو اس جیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ یہ وقت امریکہ کے لیے اہم مشکلات کا ہے اور میں دعاگو ہوں کہ صدر اوباما ہمارے وطن کی ان مشکل اوقات میں کامیابی سے رہنمائی کر سکیں گے۔

اپنے نائب صدارتی امیدوار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی بیوی کے علاوہ پال رائن میری زندگی کا بہترین انتخاب تھا۔

انھوں نے کہا کہ یہ مشکل وقت سیاسی فرقہ بازی اور اختلافات کی سیاست کا نہیں اور ہمارے رہنماؤں کو اپنے حریفوں کے ساتھ مل کر عوام کے لیے کام کرنا ہوگا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔