
مسٹر نشید کے استعفے کے بعد نائب صدر وحید حسن نے صدر کے عہدے کا حلف لے لیا تھا
مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید نے کہا ہے کہ مسلح پولیس اور فوجی اہلکاروں نے بغاوت کر کے ’بندوق کی نوک‘ پر انہیں استعفٰی دینے پر مجبور کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس بغاوت کا منصوبہ نائب صدر محمد وحید حسن کو بھی معلوم تھا جنہوں نے ان کے استعفے کے بعد میں صدر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
مسٹر نشید نے اس وقت استعفٰی دیا جب ایک سینئیر جج کو ہٹائے جانے پر سکیورٹی اہلکار حزبِ اختلاف کے ساتھ مظاہرین کے ساتھ جا ملے تھے۔
مسٹر حسن نے کسی بھی طرح کی بغاوت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کو مستحکم کر کے امن قائم رکھنا چاہتے ہیں۔
مسٹر نشید کے استعفے کے بعد نائب صدر وحید حسن نے صدر کے عہدے کا حلف لے لیا تھا۔
اس سے قبل باغی پولیس افسران کے ایک گروپ نے دارالحکومت میں سرکاری ریڈیو سٹیشن پر قبضہ کرکے سابق صدر معمون عبدالقیوم کے حق میں پیغام نشر کرنے شروع کر دیے تھے۔
اس کے علاوہ عمارت میں متعدد صحافیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

















