
ایران دھمکی دے چکا ہے کہ اگر اس کے تیل کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی تو وہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل روک دے گا
یورپی یونین کے ممبر ممالک ایران سے خام تیل کی خریداری پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے اصولی طور پر تیار ہو گئے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یورپی یونین ایران سے خام تیل کی برآمد پر پابندی کا اعلان جنوری کے اختتام میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کرے گا۔
کلِک ایران امریکہ کشیدگی سے تیل مہنگا
کلِک آبنائے ہرمز کی بندش، دھمکی پر امریکی تنبیہ
امریکہ نے بھی حال ہی میں ایران پر پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس نے یورپی یونین کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
امریکہ اور یورپی ممالک کا موقف ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ایران ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔
یورپی یونین کے فیصلے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
فرانس کے وزیر خارجہ ایلن جوپئی نے کہا ہے کہ’یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا تیس جنوری کو اجلاس ہو رہا ہے اور اس موقع پر ہمیں امید ہے کہ ایران سے خام تیل خریدنے پر پابندی کا فیصلہ ہو جائے گا۔‘
انھوں نے کہا کہ’ان رکن ممالک کو متبادل ذرائع کے حوالے سے کچھ دہانی کرانا ہو گی جو ایران سے خام تیل خریدتے ہیں۔‘
یورپی یونین کے رکن ممالک ایرانی خام تیل کی برآمدات کا سترہ فیصد خریدتے ہیں۔

امریکہ اور یورپی ممالک کا موقف ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ایران ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے
گزشتہ روز بدھ کو امریکی دفترِ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے بھی اسی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ پوری دنیا میں اپنے ساتھیوں اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کررہا ہے کہ امریکی قانون سازی کے کیا اثرات ہوں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ دوسرے ملکوں کو بھی اس بات پر قائل کیا جائے کہ وہ ایرانی تیل پر اپنا انحصار کم کریں۔
ایران میں بی بی سی کے نامہ نگار جمیز رینولڈز کا کہنا ہے کہ اگر یورپی یونین ایرانی خام تیل کی خریداری ترک کرتے ہیں تو اس صورت میں ایران ایشیائی منڈیوں کا رخ کرے گا جو اس سے کم نرخوں پر تیل فراہم کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔
ان کوششوں کے جواب میں ایران دھمکی دے چکا ہے کہ اگر اس کے تیل کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی تو وہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل روک دے گا۔
خلیج فارس کے اس اہم بحری راستے سے دنیا بھر کی تیل کی ضروریات کا بیس فیصد حصہ گزرتا ہے اور حال ہی میں اپنی دھمکی کے بعد ایران نے اس علاقے میں درمیانے فاصلے تک مار کرنیوالے میزائیلوں کے کئی تجربات بھی کیے ہیں اور امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا بحری بیڑا اس علاقے میں دوبارہ نہ بھیجے۔
تیل کی عالمی پیداوار میں ایران کا حصہ پانچ فیصدی ہے اور مزید سخت پابندیوں کے بعد تیل کی پیداوار کا یہ حصہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

















