bbc.co.uk navigation

افغانستان: فرانس کے دو سو فوجیوں کی واپسی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 19 اکتوبر 2011 ,‭ 14:50 GMT 19:50 PST

فرانس کے افغانستان میں تقریباً چار ہزار فوجی تعینات ہیں۔

افغانستان سے فرانس کے دو سو فوجیوں کی واپسی کے ساتھ فرانسیسی فوج کے انخلا کا آغاز ہو گیا ہے جس کا اعلان فرانس کی جانب سے تین ماہ قبل کیا گیا تھا۔

مزید دو سو فوجی اس برس کرسمس سے پہلے افغانستان سے چلے جائیں گے جو نیٹو کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت دو ہزار چودہ تک لڑائی میں شامل تمام فوجیوں کو واپس بلا لیا جائے گا۔

فرانس کے افغانستان میں تقریباً چار ہزار فوجی تعینات ہیں۔ دو ہزار ایک سے اب تک فرانس کے پچھتر فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

فرانس کے زیادہ تر فوجی کابل صوبے کے ڈسٹرکٹ سروبی اور اس کے پڑوسی صوبے کپیسا میں تعینات ہیں۔

افغانستان میں دو ہزار ایک سے اب تک فرانس کے پچھتر فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

فرانس کے وزیر دفاع جیراڈ لونگے کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اپنی فوجوں کا بتدریج انخلا کر رہا ہے اور ان علاقوں کا انتظام افغان فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔

فرانس کے صدر نیکولا سرکوزی نے اس برس جولائی میں افغانستان کے دورے کے دوران اپنی فوج کے انخلا کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور بیلجیئم سمیت کئی دوسرے ممالک بھی افغانستان سے اپنی فوجوں کے انخلا کے منصوبے کا اعلان کر چکے ہیں۔

افغانستان کے کئی علاقوں سے امریکی اور کینیڈین فوجی سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان فورسز کے حوالے کر کے پہلے ہی جا چکے ہیں۔

امریکہ کے اعلان کردہ منصوبے کے تحت اس کے تینتیس ہزار فوجی دو ہزار بارہ تک چلے جائیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔