آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 17 جولائ 2010 ,‭ 09:35 GMT 14:35 PST

بنگلہ دیش میں مولانا مودودی کی کتابیں ہٹا لی گئیں

جماعت اسلامی کے بانی مولانا مودودی

بنگلہ دیش میں اسلامی فاؤنڈیشن کے حکم پر بر صغیر پاک و ہند میں جماعت اسلامی کے بانی مولانا ابو اعلیٰ مودودی کے کی تمام کتابیں ملکی مساجد کی لائبریریوں سے ہٹا دی گئیں ہیں۔

اسلامی فاؤنڈیشن ایک سرکاری ادارہ ہے جو مذہبی امور پر نظر رکھتا ہے۔

اس سے پہلے کل ملکی پارلیمان میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مذ ہبی امور کے وزیر مملکت نے اس بارے میں انکشاف کیا تھا۔

ملک بھر میں ایسی مساجد کی تعداد چوبیس ہزار کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے جن کی لائبریریوں سے کتابیں ہٹائی گئی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مولانا مودودی کی کتابیں اسلامی تعلیمات کی اصل روح کے منافی اور متنازع ہیں۔

ملک کی دوسری پبلک لائیبریریوں کے بارے میں ابھی علم نہیں ہوسکا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے ابھی کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

سید ابوالاعلی مودودی کا پاکستانی سیاست میں بھی خاصا گہرا کردار تھا۔ پاکستانی حکومت نے انہیں قادیانی فرقہ کو غیر مسلم قرار دینے پر پھانسی کی سزا بھی سنائی جس پر عالمی دباؤ کے باعث عملدرآمد نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے زیادہ تر رہنما اور کئی سو کارکن مختلف الزامات کے تحت قید ہیں اور مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔

جماعت اسلامی حزب اختلاف کی نیشنلسٹ پارٹی کی اتحادی ہے جس کی قیادت سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کررہی ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وزیر اعظم حسینہ واجد اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی کو روکیں۔ بنگلہ دیش میں کچھ عناصر جماعت اسلامی پر 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں پاکستان کی فوج کا ساتھ دینے کا الزام لگاتے ہیں۔

سید ابوالاعلیٰ مودودی جماعت اسلامی کے بانی تھے جس کی بنیاد تقسیم بر صغیر سے قبل 1941 لاہور میں رکھی گئی تھی۔

سید ابوالاعلٰی مودودی 1979 میں انتقال کرگئے تھے۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔