آخری وقت اشاعت:  بدھ, 13 جنوری, 2010, 13:41 GMT 18:41 PST

زلزلہ زدگان کیلیے عالمی امداد

آکسفیم نے کہا ہے کہ اس کا ہیٹی میں سٹاف موجود ہے اور اس نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں

لاطینی امریکہ کے ملک ہیٹی میں شدید زلزلے کے بعد عالمی امدادی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں آنےو الے اس زلزلے میں تیس لاکھ لوگ متاثر ہوئے اور بڑے پیمانے پر عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔

امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت متعدد ممالک کے ہیٹی کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں جبکہ عالمی امدادی ایجنسیاں بھی ہیٹی میں امدادی کارروائیاں شروع کر چکی ہیں۔

زلزلے سے ہونے والی تباہی کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں لیکن یہ واضح ہے کہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

ہیٹی علاقے کے غریب ترین ممالک میں ہے اور ابھی تک دوہزار آٹھ میں آنے والے سمندری طوفان سے نہیں نکل پایا تھا کہ دو صدیوں میں سب سے شدید زلزلے نے آ لیا ہے۔ ہیٹی کوخوراک، دوائیوں کے علاوہ انفراسٹرکچر کو دوبارہ کھڑا کرنے کے لیے عالمی امداد کی ضرورت ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی فارن افیئر کمیٹی کے چیئرمین ایلیٹ اینجل نے کہا ہے کہ زلزلے نے مسائل کا شکار ہیٹی کو ایک اور شدید جھٹکا دیا ہے اور اسے جلد عالمی امداد کی ضرورت ہے۔ امریکہ نے سب سے پہلے ہیٹی کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی کوسٹ گارڈ نے کہا ہے کہ اس نے ایئرکرافٹ اور کٹر مشین ہیٹی کی قریب پہنچا دی ہیں جہاں سے امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکتی ہیں۔

امریکہ کی عالمی ترقی کی ایجنسی نے ستر لوگوں پر مشتمل ٹیم ہیٹی روانہ کر دی ہے جبکہ امریکہ میں موجود ہیٹی کے باشندوں نے اپنے ہم وطنوں کی مدد کےامداد کے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

فرانس نے کہا ہے امدادی اشیا سے بھرے دو جہاز ہیٹی روانہ کر رہا ہے۔ ہیٹی فرانس کی کالونی رہا ہے اور وہاں کی زبان بھی فرنچ ہے۔ برطانیہ کا اکسٹھ ممبران پر مشتمل امدادی دستہ ہیٹی روانہ ہونےکے لیے تیار ہے۔ جبکہ وینزویلا نے کہا کہ وہ خواراک اور دوائیوں سے بھرا جہاز ہیٹی بھیج رہا ہے

اکثر عالمی امدای اینجسیوں کے ہیٹی میں دفاتر ہیں اور ان کے پاس ہنگامی امداد کے سپلائی بھی موجود ہے۔ آکسفیم نے کہا ہے کہ اس کا ہیٹی میں سٹاف موجود ہے اور اس نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ آکسفیم کے ترجمان کے مطابق کہ قریبی ملک پانامہ میں ہنگامی امداد ہیٹی پہنچائی جا رہی ہے۔

عالمی ریڈ کراس نے کہا ہے کہ ہیٹی میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ہنگامی فنڈ شروع کرنے والا ہے۔ ریڈکراس نے کہا ہے کہ اس کے پاس ہیٹی میں امدادی اشیا موجود ہیں جس سے تین ہزار خاندانوں کی مدد کی جا سکتی ہے۔ برطانوی ریڈکراس نے بھی امداد کے لیے اپیل کی ہے۔

فرانس کی امدادی اینجسی میڈیسن سینز فرانٹیئرز نے کہا ہے کہ اس کے کارکنوں نے لوگ پورٹ او پرنس میں لوگوں کی امداد شروع کر دی ہے۔ ایجنسی کے ہیٹی میں موجود دفتر کو زلزلے سے شدید نقصان پہنچا ہے۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔