
ان دونوں کو بھارت اور ایف بی آئی کی جانب سے معلومات ملنے پر گرفتار کیا گیا ہے
اطالوی پولیس نے دو پاکستانی نژاد افراد کو گزشتہ برس ممبئی میں کیے گئے حملوں کے لیے مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
یہ دونوں افراد باپ بیٹا ہیں۔ پولیس کے مطابق ان دونوں کو شمالی شہر بریشیا سے علی الصبح گرفتار کیا گیا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی منی ٹرانسفر ایجنسی کے ذریعے اس انٹرنیٹ فون اکاؤنٹ کے لیے پیسے فراہم کیے جسے حملہ آوروں سے رابطہ کرنے والے افراد نے استعمال کیا۔
60 سالہ محمد یعقوب جنجوعہ اور ان کے 31 سالہ بیٹے عامر یعقوب جنجوعہ پر عالمی دہشتگردی کے لیے مدد فراہم کرنے اور پیسوں کے ناجائز کاروبار کے الزامات عائد کیے ہیں۔
نومبر کے حملوں میں 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں کو بھارت اور ایف بی آئی کی جانب سے معلومات ملنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
جولائی میں 21 سالہ پاکستانی نژاد محمد اجمل عامر قصاب نے 86 الزامات کا اعتراف کیا جن میں بھارت کے خلاف جنگ، قتل اور غیر قانونی اصلحہ رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔
اگر ججوں نے سخت ترین سزا دینے کا فیصلہ کیا تو اجمل کو سزائے موت ہوسکتی ہے۔
© MMX