Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 17 november, 2009, 00:18 GMT 05:18 PST

قذافی کی اطالوی حسیناؤں کو تبلیغ

معمر قذافی اقوام متحدہ کے زیر اہتمام فوڈ کانفرنس میں شرکت کے لیے روم آئے ہوئے تھے

اتوار کی رات کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں ایک پر تکلف تقریب میں شرکت کرنے والی دو سو کے لگ بھگ حسینائیں اس وقت حیرت سے دنگ رہ گئیں جب ان کی اشتہا آور کھانوں اور کاک ٹیل کے بجائے تبلیغ اسلام سے تواضع کی گئی۔

تقریب میں پہنچ کر انہیں معلوم ہوا کہ ان کے میزبان لیبیا کے رہنما معمر قذافی ہیں جو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام فوڈ کانفرنس میں شرکت کے لیے روم آئے ہوئے تھے۔

ان حسیناؤں سے بات چیت کے دوران مسٹر معمر قذافی نے انہیں اسلام قبول کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے اطالوی حسیناؤں کے سامنے کھل کر اسلام کے فضائل بیان کئے اور انہیں بتایا کہ اسلام کے بعض ناقدین کے دلائل کے برعکس اسلام خواتین مخالف نہیں ہے۔

اس تقریب میں شرکت کرنے کے لیے ان خواتین کو سخت انتخابی مراحل سے گزرنا پڑا تھا، اس کے باوجود کہ ان میں سے کسی کو بھی میزبان کی شناخت کے بارے میں نہیں بتایا گیا تھا۔

خوبصورتی کے علاوہ ان خواتین کے انتخاب کے لیے جو معیار مقرر گیا تھا وہ یہ تھا کہ ان میں سے کوئی بھی پندرہ سال سے کم یا پینتیس سال سے زائد عمر کی نہ ہو اور قد پانچ فٹ سات انچ سے کم نہ ہو۔

تقریب میں شرکت کے لیے ڈریس کوڈ بھی خاصا سخت تھا۔ کھُلے گلے والی شرٹوں اور چھوٹے سائز کی مِنی سکرٹوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کرنے کے ممانعت تھی۔

ان دو سو خواتین کو پہلے ایک جگہ جمع کر کے مقررہ معیار کے مطابق ان کا جائزہ لیا گیا اور پھر انہیں بسوں میں بٹھا کر اطالوی دارالحکومت کے پوش رہائشی علاقے میں لایا گیا۔

سکیورٹی کے مراحل سے گزار کر انہیں ایک پرشکوہ استقبالیہ کمرے میں لایا جہاں انہیں کچھ دیر انتظار کرنا پڑا۔ ان میں سے کئی خواتین نے شکایت کی ہے کہ وہاں تو پینے کے لیے پانی کا ایک گلاس تک نہیں تھا۔

ایک گھنٹے بعد انہیں میزبان کی شناخت سے آگاہ کیا گیا۔

اس کے بعد کرنل قذافی وہاں آئے اور انہوں نے ان کے سامنے اسلام کی تبلیغ کی۔ اسلام کی برکات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے حسیناؤں کو یقین دلایا کہ اسلام زن بیزار مذہب نہیں ہے۔

دو گھنٹے بعد جب حسینائیں وہاں سے روانہ ہوئیں تو وہ کسی حد تک حیرت زدہ تھیں۔ انہیں تقریب میں شرکت کرنے کے لیے پچاس یورو کے علاوہ قرآن کے نسخے تحفے کے طور پر پیش کیے گئے تھے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔