
سارہ پیلن کی کتاب کی مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی بڑی مانگ ہے
امریکہ کی سابق نائب صدر کے عہدے کی امیدوار سارہ پیلن نے اپنی سوانح حیات میں بتایا ہے کہ ریپلیکنز کی انتخابی مہم کے درمیان ان کے کیمپ میں کتنا تناؤ تھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اس مہم کے بعد کافی رقم ادا کرنا پڑی تھی۔
ان کی سوانح حیات منگل کو امریکہ میں شائع کی جا رہی ہے اور کتاب کی طلب سے لگتا ہے کہ یہ ایک بیسٹ سیلر ہو گی۔
ان کی کتاب کا نام ’گوئنگ روگ‘ ہے۔ وہ اپنی کتاب میں کہتی ہیں کہ انہیں نائب صدارت کے امیدوار کی حیثیت کی جانچ (ویٹنگ) کے لیے ہی پارٹی کو پچاس ہزار ڈالر فیس دینا پڑی تھی۔ تاہم جان مکین کی مہم چلانے والے ایک اہلکار نے اس کی تردید کی ہے اور اسے لغو قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے علم کے مطابق انتخابی مہم نے گورنر پیلن کو ’ویٹنگ‘ سے وابستہ کسی قسم کے قانونی اخراجات کا کوئی بل نہیں بھیجا۔‘
کتاب میں سارہ پیلن نے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ اگر ریپلیکنز الیکشن ہار جاتے ہیں تو انہیں بذاتِ خود اخراجات اٹھانا پڑیں گے، جو کہ ان کے بقول پچاس ہزار امریکی ڈالر تھے۔
انہوں نے مزید الزام لگایا ہے کہ انہیں صحافیوں سے بات کرنے سے روکا گیا تھا۔
اس کتاب کی ابتدائی طور پر پندرہ لاکھ کاپیاں شائع کی گئیں ہیں اور ایک اطلاع کے مطابق سارہ پیلن کو اس کے لیے 1.25 ملین ڈالر پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔
سارہ پیلن کو نومبر 2008 میں ہونے والے امریکی انتخابات میں شہرت اس وقت ملی جب انہیں سینیٹر مکین کے رننگ میٹ کے طور پر چنا گیا۔
کتاب میں انہوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ انہیں زبردستی میک اپ کروانے اور مہنگے کپڑے پہننے پر مجبور کیا گیا تھا۔
انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اپنی نوجوان بیٹی کے حاملہ ہونے کی خبروں کے میڈیا میں آنے کا بھی ذکر کیا۔
© MMIX