Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Thursday, 12 november, 2009, 03:51 GMT 08:51 PST

مصری عورت کے قاتل کو عمر قید

الیگزینڈر وائنز

الیگزینڈر وائنز پورا چہرہ ڈھانپ کر کمرۂ عدالت میں آئے

مصر نے جرمنی کی ایک عدالت کے اس فیصلے کو سراہا ہے جس میں ایک حاملہ مصری عورت کو قتل کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ڈریسڈن کی اسی عدالت میں جولائی کو روس میں پیدا ہونے والے جرمن شہری الیگزینڈر وائنز نے ماروا شیربنی کو چاقوں کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔

مصر کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ ان لوگوں کے لیے ایک وارننگ ہے جن کو نفرت سے رغبت ہے۔‘

ڈریسڈن کی عدالت نے ایک فیصلے میں یہ بھی کہا کہ اٹھائس سالہ وائنز جلد رہا نہیں ہو سکتے۔

یہ قتل اس وقت ہوا جب وائنز مصری شہری شیربنی کی طرف سے نسلی اور مذہبی بنیادوں پر منافرت کے الزام کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران عدالت میں آئے تھے۔

وائنز نے شیربنی کا قتل قبول کیا ہے لیکن کہا ہے کہ ان کا قتل کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔

ماروا شیربنی

ماروا شیربنی پر چاقو سے سولہ مرتبہ وار کیے گئے

اس واقعے سے پوری مسلم دنیا میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

سخت سکیورٹی میں ہونے والی اس عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ کا موقف تھا کہ وائنز غیر یورپیوں اور مسلمانوں سے نفرت کرتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وائنز نے اٹھارہ سینٹی میٹر لمبا چاقو اپیل کی سماعت کے دوران عدات میں سمگل کیا۔

وائنز نے شیربنی پر کل سولہ مرتبہ چاقو سے وار کیا اور ان کو بچانے کے لیے آگے آنے والے شیربنی کے شوہر کو بھی زخمی کیا۔

اکتیس سالہ شیربنی جو اس وقت تین ماہ کی حاملہ تھیں اپنے شوہر اور تین سالہ پہلے بچے کے سامنے دم توڑ گئیں۔

اسی دوران سکیورٹی گارڈ نے بھی حادثاتی طور پر شیربنی کے شوہر کی ٹانگ پر گولی مار دی کیونکہ اسے یہ شک ہوا تھا کہ حملہ آور شیربنی کے شوہر ہیں۔

اس واقعے کے بعد بہت سارے مسلم ممالک نے جرمنی پر ’اسلام و فوبیا‘ یا اسلام سے وحشت کا الزام لگایا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد جرمنی کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ’اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نسلی منافرت اور عصبیت کی جرمنی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔