Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Monday, 9 november, 2009, 10:55 GMT 15:55 PST

کولمبیا سے جنگ کے لیے تیار رہیں: شاویز

فائل فوٹو، ہوگو شاویز

شاویز نے پندرہ ہزار فوجیوں کوپچھلے ہفتے کولمبیا کی سرحد کی جانب پیشقدمی کا حکم دیا تھا

وینزویلا کےصدر ہوگو شاویز نے اپنی فوج کو کولمبیا کے ساتھ بڑھتے ہوئے سرحدی تنازعے کے بعد ممکنہ جنگ کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ سے بچنے کا بہتر راستہ یہ ہے کہ اس کے لیے تیاری کی جائے۔ دوسری جانب کولمبیا نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وینزویلا نے اس صورتحال کا ذمہ دار کولمبیا اور امریکہ کے بڑھتے ہوئے فوجی تعلقات کو قرار دیا ہے جبکہ کولمبیا کا کہنا ہے کہ امریکی فوج باغیوں اور منشیات سمگلروں کے ساتھ لڑائی میں اس کی مدد کر رہی ہے۔

شاویز نے ریڈیو اور ٹی وی پر اپنے شو ’ہیلو صدر‘ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ’ہمیں اپنے مقصد میں دیر نہیں کرنی چاہیے جو یہ ہے کہ لوگوں کو جنگ کے لیے تیار کرنے میں مدد کرنا ہے کیونکہ یہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔‘ شاویز نے کولمبیا کے پیرا ملٹری گروہوں کی جانب سے تشدد کے بڑھتےہوئے واقعات کے بعد پندرہ ہزار افواج کوپچھلے ہفتے کولمبیا کی سرحد کی جانب پیش قدمی کا حکم دیا تھا۔

کولمبیا میں بی بی سی کے نمائندے جریمی کے مطابق ایسے اعلانات کسی خطرے کا باعث نہیں ہوتے لیکن موجودہ صورتحال میں ایک چنگاری حالات کو مزید بگاڑ سکتی ہے۔

شاویز کے اس بیان کے بعد کولمبیا کے صدر الوارو یورایب نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور امریکی ریاستوں کی آرگنازیشن کی مدد حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کولمبیا نے عالمی برادری تو ایک طرف کبھی لاطینی امریکہ کی اقوام کی جانب جارحانہ عزائم کا اظہار نہیں کیا ہے۔

.

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔