
سعودی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی سرحد کے اندر کاروائی کی ہے۔
سعودی عرب کی فوج کا کہنا ہے کہ شیعہ یمنی باغیوں سے اپنی سرحدی زمین پر واپس قبضے کی کارروائی میں اس کے تین فوج ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ چار فوجی گمشدہ ہیں۔
سعودی نیوز ایجنسی نے ایک سینئر اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ اس کارروائی میں اس کے پندرہ فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اس سرحدی علاقے پر واپس اپنا قبضہ کرلیا ہے جس کو گزشتہ ہفتے سرحد پار داراندازی میں یمنی باغیوں نے اپنا قبضہ کرلیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے شیعہ باغی سعودی عرب کی سرحد میں داخل ہوگئے تھے اور جبال دخان نامی علاقے پر قبضہ کرلیا تھا۔
ایک دفاعی اہلکار خالد بن سلطان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ جس علاقے پر یمنی باغیوں نے قبضہ کیا تھا اسے اب صاف کرلیا گیا ہے۔
اس کاروائی میں سعودی عرب کی فوج نے شیعہ باغیوں پر حملے کیے جس میں تین سعودی فوجی ہلاک ہوگئے۔
باغیوں کا کہنا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے اندر حملے کیے جس میں بعض شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
سعودی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی سرحد کے اندر یہ کارروائی کی ہے۔
شیعہ باغیوں کا کہنا ہے کہ ان پر حملہ کرنے کے لیے سعودی عرب نے یمن کی فوج کو اپنی سرحد سے حملے کرنے کے لیے استمعال کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے سرحد پار در اندازی میں یمن باغی سعودی عرب کی سرحد میں داخل ہوگئے تھے جنہیں بھگانے کے لیے سعودی فوج نے کاروائی کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے یمن باغیوں پر حملے کیے تھے۔
یہ حملے دونوں ممالک کی سرحدوں پر ہوئے تھے۔ اس میں جنگی طیاروں اور ٹینکوں کا استمعال کیا گیا تھا۔
یمنی باغیوں کا کہنا ہے کہ فوج نے شہریوں کو بھی اپنا نشانہ بنایا ہے جبکہ سعودی فوج کا کہنا تھا اس نے اپنی سرحد کے اندر ہی در اندازوں کو بھگانے کے لیے کارروائی کی تھی۔
شعیہ باغی 2004 سے یمن حکومت سےلڑ رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ملک میں شعیہ برادری کے ساتھ امتیازی سلو ک کیا جاتا ہے۔
© MMIX