Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 7 november, 2009, 08:21 GMT 13:21 PST

صومالیہ: ناجائز جنسی تعلقات پر سنگساری

صومالیہ

جنوبی صومالیہ پر اسلامی بنیاد پرست تنظیموں کا کنٹرول ہے

جنوبی صومالیہ میں ایک شخص کو ناجائز جنسی تعلقات قائم کرنے کی سزا میں سنگسار کردیا گیا ہے جبکہ اس کی حاملہ دوست کو بچے کی پیدائش تک کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔

33 سالہ عباس حسین عبدالرحمان کو تقریباً 300 افراد پر مشتمل مجمع کے سامنے پتھر مار کر ہلاک کیا گیا۔

الشباب تنظیم کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حاملہ خاتون کو بچے کی پیدائش کے بعد مار دیا جائے گا۔

جنوبی صومالیہ پر اسلامی بنیاد پرست تنظیموں کا کنٹرول ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں حکومت دارالحکومت کے صرف چند حصوں پر اختیار رکھتی ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران ناجائز جنسی تعلقات قائم کرنے کی سزا کے طور پر تین افراد کو سنگسار کیا گیا ہے۔

الشباب کے ایک اہلکار شیخ سلطان اعلٰی محمد نے کہا ہے کہ عبدالرحمان نے ایک اسلامی عدالت کے سامنے ناجائز تعلقات قائم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا ’سنگساری کے دوران وہ شخص چیخ رہا تھا اور اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ سات منٹ بعد وہ بے حس و حرکت ہوگیا‘۔

موگادیشو میں بی بی سی کے نامہ نگار محمد اولد حسین کا کہنا ہے کہ اگر حاملہ عورت کو بچے کی پیدائش کے بعد سنگسار کیا گیا تو پھر اس کے نومولود بچے کو اس کے رشتہ داروں کے حوالے کردیا جائے گا۔

دریں اثناء صدر شیخ شریف شیخ احمد کا کہنا ہے کہ الشباب تنظیم لوگوں کو ہلاک کرکے اور عورتوں کو ہراساں کرکے اسلام کا نام بدنام کررہی ہے۔

گزشتہ ماہ اسی شہر میں دو افراد کو جاسوسی کے الزامات پر سنگسار کردیا گیا تھا۔ جنوبی شہر کسمایو میں ایک تیرہ سالہ لڑکی کو ناجائز جنسی تعلقات کے الزام میں سنگسار کیا گیا تھا۔حقوق انسانی کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ اس لڑکی کے ساتھ زنا بالجبر کیا گیا تھا۔

شبیلے نامی شہر میں ایک اور شخص کو اسی طرح کے الزامات پر سنگسار کیا گیا تھا۔

صومالیہ کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ بھی ملک میں شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں تاہم الشباب تنظیم کا موقف ہے کہ صدر نے جو شریعت نافذ کی اس میں کافی ڈھیل ہوگی۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔