Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 6 november, 2009, 12:12 GMT 17:12 PST

فلسطین :عباس انتخاب نہیں لڑیں گے

محمود عباس

اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں رکاوٹوں سے محمد عباس مایوس ہیں

ٹی وی پر اپنے ایک خطاب میں محمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں رکاوٹوں کی وجہ سے انہوں نے دوبارہ انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل کے ساتھ امن اب بھی ممکن ہے۔

رام اللہ میں الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا ہے کہ ’میں نے اپنے بھائیوں ( پی ایل او اور فتح ) کو بتا دیا ہے کہ آنے والے انتخاب میں عہدہ صدارت کے لیے میں اپنی امیدواری پیش نہیں کرنے والا ہوں۔ یہ فیصلہ سودے بازی یا سیاسی مفاد کے لیے نہیں ہے۔ اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ میں وقت آنے پر دوسرے اقدامات کروں۔‘

چوہتر سالہ محمود عباس نے یہ بھی کہا کہ امریکہ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے اپنی پالیسی سے پیچھے ہٹ گیا ہے اور اس نے مغربی کنارے پر یہودیوں کی نئی تعمیرات کو روکنے کے لیے اسرائیل کو قائل کرنے سے منع کردیا ہے۔

’جب براک اوباما نے تعمیرات کو مکمل طور پر روکنے کی بات کہی تھی تو ہمیں کافی امیدیں تھیں لیکن بعد میں اسرائیلی موقف کی حمایت سے ہمیں بڑی حیرت ہوئی ہے۔‘

ادھر امریکہ نے محمود عباس کو اپنا ایک اچھا ساتھی بتایا ہے لیکن امن مذاکرات کے حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ کسی بھی حیثیت سے ان کے ساتھ کام کرنے میں امید ہے۔

محترمہ کلنٹن کا کہنا ہے کہ محمود عباس نے انہیں اپنے سیاسی عزائم کے بارے میں بتایا تھا۔’انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ وہ دو ریاستی فامولے پر اسرائیل اور فلسطین کے لیے کام کرتے رہیں گے۔‘

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ محمود عباس ابھی مزید کچھ دنوں تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ اطلاعات کے مطابق غزہ میں حماس نے انتخابات روکنے کی دھمکی دی ہے اس لیے ممکن ہے کہ الیکشن موخر کر دیے جائیں۔

محمود عباس کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے امریکہ کا رول ابھی بھی بہت اہم ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔