Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 4 november, 2009, 16:11 GMT 21:11 PST

جنرل موٹر: اوپل کی فروخت منسوخ

اوپل

اوپل کے یورپ میں چون ہزار ملازمین ہیں

جنرل موٹر نے کاروں کے کاروبار کی یورپی شاخ اوپل اور ویکس ہال کی فروخت منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی کار کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کاروبار کی سنبھلتی ہوئی حالت کے پیش نظر کیا۔

جنرل موٹرز نے اوپل اور ویکس ہال کو کینیڈا کی فرم میگنا کو فروخت کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ جنرل موٹرز نے کہا کہ وہ اب اوپل کے لیے جرمنی اور دیگر یورپی ممالک سے امداد طلب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اوپل اور ویکس ہال کو فروخت نہ کرنے کا فیصلہ عالمی سطح پر اپنی حکمت عملی میں ان کی اہمیت کی وجہ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب یورپ میں اپنے کاروبار کی صحیح معنوں میں تنظیم نو کا آغاز کریں گے۔

برطانیہ میں وزیر تجارت لارڈ مینڈلسن نے کہا کہ وہ جلد سے جلد جنرل موٹر سے بات کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کی پالیسی کا برطانیہ میں کمپنی کے کاروبار اور کارکنوں پر کیا اثر پڑے گا؟

جرمنی میں جنرل موٹر کی طرف سے اوپل کو فروخت نہ کرنے کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ جرمنی کی حکومت نے کینیڈا کی کمپنی میگنا کو چار ارب ڈالر پاؤنڈ کی مالی امداد دینے کا وعدے کیا تھا۔

جرمنی پر تنقید کی گئئ تھی کہ انہوں نے یہی پیشکش میگنا کے مقابلے میں اوپل خریدنے کی خواہاں بیلجیم کی کمپنی آر ایچ جے کو نہیں کی۔

جرمنی میں ذرائع ابلاغ سوال اٹھا رہے ہیں کہ جنرل موٹرز کے لیے فروخت کا معاہدہ منسوخ کرنا کتنا آسان ہوگا۔ جنرل موٹرز ایڈمنسٹریشن میں جانے کی وجہ سے اوپل اور ویکس ہل کی ملکیت ایک ٹرسٹ کے حوالے کر دی گئی تھی جس میں جنرل موٹرز اور جرمن حکومت کے دو دو نمائندے موجود تھے اور ایک آزاد نمائندہ تھا۔

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ان دونوں کمپنیوں کو فروخت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مذکورہ ٹرسٹ لے گا نہ کہ جنرل موٹرز۔ اوپل کے یورپ میں چون ہزار ملازمین ہیں جن میں سے پچیس ہزار جرمنی میں ہیں۔ ویکس ہال کے برطانیہ میں پانچ ہزار پانچ سو ملازمین ہیں۔

ویکس ہال نے گزشتہ ماہ میگنا سے معاہدہ کیا تھا جس کے تحت نوکریوں کے خاتمے کو کم سے کم رکھا گیا تھا اور چھ سو لوگ رضاکارانہ طور پر کام چھوڑنے پر رضامند ہوئے تھے۔ یونین کے جنرل سیکرٹری ٹونی ووڈلی نے کہا کہ جنرل موٹرز کا پلانٹ فروخت نے کرنے کا فیصلہ زبردست ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔