
ٹونگی احتجاج اور پولیس سے تصادم کے دوران ایک دکاندار اپنی دکان لٹنے پر رو رہا ہے۔
بنگلہ دیش میں حکومت نے پولیس اور گارمنٹ فیکٹریوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم اور ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
سنیچر کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے تیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع صنعتی قصبے ٹونگی میں گارمنٹ فیکٹریوں کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان اس وقت تصادم ہو گیا جب وہ اپنی تنخواہیں ادا نہ کیے جانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے پھینکے اور ربر کی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور سو کے لگ بھگ زخمی ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی وزیرِ داخلہ سہارا خاتون کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمٹی تشکیل دی گئی ہے جو دو ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
بھارت اور ویتنام کے ساتھ بنگلہ دیش بھی ان ملکوں میں شامل ہے جن کی برآمدات حالیہ عالمی کساد بازاری کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں اور جنہیں دوسرے برآمدی ملکوں سے مقابلے کے لیے گارمنٹس سمیت برآمدی مصنوعات کے شعبوں میں کام کرنے والوں کی تنخواہیں کم کرنی پڑی ہیں۔
© MMIX