
خدا نے میرے خوابوں کی تکمیل کر دی ہے: احمد محمد ڈوری
افریقہ کے ملک صومالیہ میں سینکڑوں لوگوں نے شادی کی ایک ایسی تقریب میں شرکت کی ہے جس میں دولہا کی عمر ایک سو بارہ سال اور دلہن کی عمر صرف سترہ برس تھی۔
ایک سو بارہ سالہ دولہا احمد محمد ڈوری نے پہلے سے پانچ شادیاں کر رکھی ہیں جن میں سے ان کے اٹھارہ بچے ہیں اور اب احمد محمد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سترہ سالہ دلہن صفیہ عبداللہ سے بھی اولاد کے خواہش مند ہیں۔
شادی کے بعد احمد محمد کا کہنا تھا کہ ’ آج خدا نے میرے خوابوں کی تکمیل کر دی ہے۔‘ دلہن کے خاندان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دولہا کے ساتھ خوش ہیں۔
احمد محمد کا کہنا ہے کہ ان کی دلہن کا، جو اتنی جواں ہے کہ ان کی پڑپوتی کی عمر کی ہیں، تعلق بھی ان کے ہی علاقے گلوگوڈوڈ سے ہے۔ احمد محمد کے مطابق انھوں نے صفیہ کے بڑے ہونے کا انتظار کیا تاکہ شادی کے لیے بات کر سکیں۔
’ میں نے صفیہ پر شادی کے لیے دباؤ نہیں ڈالا تھا لیکن اپنے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے پیار کا یقین دلا ہی دیا اور اس کے بعد ہم شادی پر رضا مند ہو گئے۔
موغا دیشو سے بی بی سی کے نامہ نگار محمد اولد حسین کا کہنا ہے کہ صومالیہ کے قصبے گوری سیل میں ہونے والی یہ شادی افریقہ میں ایک صدی سے زائد کے عرصے میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد شادی ہے۔
© MMIX