Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 24 october, 2009, 07:20 GMT 12:20 PST

سب جھوٹ تھا: ماں کا انکشاف

مسز ہین

’والدین نے اپنے بچوں کو چھوٹ بولنے کے لیے بھی اکسایا‘

امریکہ میں ایک بڑے ہیلیم غبارے کے اندر بچے کے موجود ہونے کے سکینڈل کے بارے میں اس بچے کی ماں نے کہا ہے کہ یہ واقعہ جعلی تھا اور ایسا شہرت حاصل کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ریاست کولوراڈو میں مقیم مسز ہین نے تسلیم کیا ہے کہ اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے وقت انہیں اور ان کے شوہر کو یہ معلوم تھا کہ ان کا چھ سالہ بچہ گھر میں ہی موجود ہے۔

امریکہ میں منظر عام پر آنے والے دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ والدین نے اپنے بچوں کو چھوٹ بولنے کے لیے بھی اکسایا تھا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق مسز ہین نے کہا ہے کہ اس ڈرامے کے رچائے جانے کا مقصد شہرت حاصل کرنا تھا۔

کچھ روز قبل چھ سالہ بچے فیلکن کی بظاہر گمشدگی پر رسکیو ادارے حرکت میں آگئے تھے اور فوری طور پر ایک بڑا ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ خیال تھا کہ بچہ ہیلیم کے چمکدار غبارے کے اندر موجود ہے جو ہوا کے دوش پر تیزی سے فضا میں اڑ رہا تھا۔

اس واقعے نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی تھی اور خبر رساں ادارے غبارے کی اڑان کا لمحہ ٹی وی پر دکھا رہے تھے۔ بعد میں فیلکن اپنے گھر کے ہی گیراج سے برآمد ہوا تھا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ فیلکن کے والدین نے اس ڈرامے کی منصوبہ بندی واقعے سے دو ہفتے قبل کی تھی۔ دونوں نے اپنے تین بچوں سے کہا تھا کہ حکام اور ذرائع ابلاغ کے سامنے سے غلط بیانی سے کام لیں۔

دوسری جانب بچے کا باپ مسلسل یہ ماننے سے انکار کررہا ہے کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا گیا تھا۔

ان کے وکیل ڈیوڈ لین کا کہنا ہے کہ انہیں اس مقدمے میں شواہد کا انتظار ہے اور یہ کہ تمام الزامات گھٹیا ہیں۔

لاس اینجلس میں بی بی سی کے نامہ نگار راجیش مرچندانی کا کہنا ہے کہ یہ خاندان دو مرتبہ ریئیلٹی ٹی وی شوز میں شرکت کرچکا ہے اور غبارے والا سکینڈل مزید شہرت حاصل کرنے کی ایک کوشش تھی۔

کاؤنٹی شیرف جم آلڈرڈن کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں اس واقعے کے بعد اس خاندان پر سازش، بچے کو غیر ذمہ دارانہ رویہ پر اکسانے اور جھوٹی رپورٹ پیش کرنے کے الزامات عائد کیے جانے چاہئیں۔

ان میں سے سنگین الزامات کی زیادہ سے زیادہ سزا چھ سال اور تقریباً تین لاکھ پاؤنڈ کا جرمانہ ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔