Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 10 october, 2009, 01:48 GMT 06:48 PST

متنازعہ کرائم شو کے میزبان گرفتار

حال ہی میں والیس سوزا کی پارلیمانی رکنیت ختم کر دی گئی تھی

برازيل میں ایک کرائم شو کے میزبان نےگرفتاری دے دی ہے جن پر پروگرام کی ریٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے قتل کرانے کا الزام ہے۔

حکام کو والیس سُوزا کی اس وقت سے تلاش تھی جب وہ اپنے خلاف وارنٹ جاری ہونے کے بعد غائب ہو گئے تھے۔

ویلیس سوزا نامی اس ٹی وی میزبان پر منشیات کی سمگلنگ، اپنے دشمنوں سے نجات پانے کے لیے ہلاکتوں کا حکم دینے اور ان خبروں کی بنیاد پر اپنے پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات کی تردید کی ہے۔

گزشتہ ہفتے تک ویلیس سوزا کو رکنِ پارلیمان ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا تاہم گزشتہ ہفتے امیزون کی اسمبلی نے ان کی رکنیت خارج کر دی تھی۔

رکنیت کے اخراج کے بعد ویلیس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور امیزون خطے کے ماناؤس شہر کی سڑکوں اور ہوائی اڈوں پر ان کی تلاشی کا کام تیزی سے جاری تھا۔

ریاست امیزون کے دارالحکومت مانوس میں پولیس کے ترجمان نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سوزا نے جمعے کی صبح خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

مسٹر ویلس سوزا نےکہا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات انہیں بدنام کرنےکے لیے ان کے دشمنوں کی سازش ہے اور اسے ثابت کرنے کے لیے ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایمیزونا کی ریاست میں ہلاکتوں کا حکم دیا اور ٹی وی ٹیم کو ان مناظر کو فلمبند کرنے کے لیے پہلے سے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے لیے خبردار کیا۔

اس ٹی وی شو کو ایک سال قبل پولیس نے انکوائری شروع کرنے کی بعد بند کر دیا تھا۔ اگر پولیس کے لگائے گئے الزامات درست ہیں تو پھر یہ ایک ایسا ٹی وی شو ہوگا جو کہ نہ صرف جرائم کو رپورٹ کرتا ہے بلکہ ان جرائم کے پیچھے خود اس کا ہاتھ بھی تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسٹر سوزا نے منشیات کی سمگلنگ میں اپنے مخالفین سے چھٹکارا پانے اور اپنے پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے پانچ افراد کو قتل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر سوزا اپنے اس دعوے کو ثابت کرنا چاہتے تھے کہ ریاست ایمیزونا کے جس علاقے کی وہ نمائندگی کرتے ہیں وہ جرائم کا گڑھ ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔