
مہاتما گاندھی ایک نوجوان وکیل کے طور پر اس عمارت میں 1908 سے 1910 تک رہے تھے
جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں مہاتما گاندھی کی تاریخی رہائش گاہ ایک فرانسیسی ٹورزم کمپنی نے خرید لی ہے۔
اس گھر کو بھارتی سرکار خریدنا چاہتی تھی اور اس نے کہا تھا کہ اسے سرکاری کمپنی ’کول انڈیا‘ خریدے گی۔
اس مکان میں تقریباً ایک صدی پہلے مہاتما گاندھی رہا کرتے تھے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق فرانسیسی کمپنی نے مانگی گئی بولی سے دگنی بولی لگائی اور تین لاکھ ستتر ہزار انتیس ڈالر میں اسے خرید لیا۔
اسے خریدنے والی فرانس کی ٹورزم کمپنی وائیرز ڈی مانڈ، پیرس اسٹاک ایکسچینج ميں لسٹڈ ہے۔
یہ کمپنی پوری دنیا میں پرانی عمارتیں خریدتی رہی ہے اور اس نے منصوبہ بنایا ہے کہ وہ اس عمارت کو ’گاندھی سمارک‘ کے طور پر تیار کرے۔
ہندوستان سرکار نے بھی جب کول انڈیا کو یہ عمارت خریدنے کے احکامات جاری کیے تھے تو اس کا منصوبہ بھی اسے ’گاندھی سمارک‘ بنانے کا تھا۔
اس عمارت کی بولی لگانے والوں ميں کول انڈیا کے علاوہ ہندوستانی اور ملیشیائی تاجر بھی تھے۔
مہاتما گاندھی ایک نوجوان وکیل کے طور پر اس عمارت میں 1908 سے 1910 تک رہے تھے۔
اس عمارت کو ان کے ارکیٹکٹ دوست ہرمن کیلین باک نے بنایا تھا۔
© MMIX