
شمالی کوریا میں اس سے قبل ان مقامات سے میزائل تجرباتی طور پر داغے گئے
جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے والے چھ میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جبکہ قیاس تھا کہ وہ لانگ رینج میزائل کا تجربہ کرے گا۔
اس ہفتے کے ابتدا میں شمالی کوریا نے چند میزائلوں کا تجربہ کیا تھا جبکہ مئی میں زیر زمین جوہری تجربہ کرنے کے بعد اقوام متحدہ نے اس پر پابندیاں بھی عائد کردی ہیں۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق میزائلوں کا حالیہ تجربہ جاپان کے سمندر میں کیا گیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ یہ سکڈ میزائل ہیں جن کی رینج 500 کلومیٹر تک ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف سٹاف کے مطابق دو تجربات صبح آٹھ اور ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان کیے گئے جبکہ تیسرا تجربہ پونے گیارہ بجے اور چوتھا اس کے چند گھنٹوں کے بعد کیا گیا۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی جانب سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کو امریکی مدد بھی حاصل ہے۔
وزارت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سنیچر کے تجربات جمعرات کو کیے گئے تجربات سے زیادہ تشویش کا باعث ہیں کیونکہ یہ کم فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سیول میں بی بی سی کے نامہ نگار جان سڈورتھ کا کہنا ہے کہ یہ تجربات علاقے میں کشیدگی بڑھانے کے جواز کے طور پر دیکھے جارہے ہیں۔
جاپان اور جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا انٹر کانٹی نینٹل یا بین البراعظم مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
© MMIX