
آیت اللہ خامنئی نے مظاہرین کو ریلیاں بند کرنے کا حکم دیا ہے
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ متنازع صدارتی انتخابات کے سلسلے میں قوم ’دباؤ کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی‘۔
بارہ جون کے انتخابات کے بعد جن میں صدر احمدی نژاد دوسری مدت کے لیے عہدۂ صدارت کے لیے کامیاب قرار دیے گئے ہیں، دارالحکومت تہران میں مسلسل کئی روز تک ہونے والے مظاہروں میں کئی افراد ہلاک ہوئے۔
مظاہرین کا دعوٰی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے۔
تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ پولیس اور ملیشیا دارالحکومت تہران میں مظاہرے روکنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
تہران میں شہریوں کا کہنا ہے کہ اب شہر میں خاموشی ہے تاہم حزب اختلاف کے حامیوں نے مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کے لیے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری دعوؤں کے مطابق ان مظاہروں میں سترہ افراد ہلاک ہوئے۔
شکست کھانے والے ایک صدارتی امیدوار محسن رضائی نے انتخابات کے بارے میں اپنی شکایت واپس لے لی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے معاملے پر قانون پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نہ ہی انتظامیہ اور نہ قوم کسی بھی قیمت پر کسی دباؤ میں آئی گی۔
© MMX