
احمدی نژاد نے اپنے مخالفین کو جھوٹے اور بدعنوان کہا ہے
ایران کے صدر احمدی نژاد نے اپنی انتخابی مہم کے آخری روز ٹی وی پر آ کر اپنے مخالفوں پر جھوٹ بولنے اور گھٹیا پن کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے مخالفین نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔
ان کے مخالفین نے ٹیلی وژن پر برابر وقت نہ ملنے کی وجہ اس کا بائیکاٹ کیا۔
اس سے قبل سابق صدر اور سرکردہ مذہبی رہنما اکبر ھاشمی رفسنجانی نے سپریم رہنما آیت اللہ علی خامینئی سے کہا تھا کہ وہ احمدی نژاد کو روکیں۔
صدر احمدی نژاد نے گزشتہ ہفتے ایک ٹی وی مباحثے میں سابق صدر اور دوسرے سیاستدانوں کو بدعنوان کہا تھا۔
اخبارات کو بھیجے گئے ایک کھلے خط میں سابق صدر رفسنجانی نے کہا کہ احمدی نژاد کے بیان سے اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے سپریم رہنما آیت اللہ علی خامینئی سے کہا کہ وہ اس مسئلے کا حل نکالیں۔
تہران میں بی بی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق احمدی نژاد کے اس الزام سے ان کے دوسرے مخالفین کو بھی شدید غصہ آئے گا کیونکہ انتخابی مہم ختم ہونے کی وجہ سے ان کے پاس اس کا جواب دینے کا موقع نہیں ہے۔ تاہم یہ ممکن ہے کہ ان کے حامی ان الزامات کا جواب دیں۔
© MMIX