http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 14 January, 2009, 11:05 GMT 16:05 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

ملتان کا ون ڈے میچ کراچی منتقل

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورے میں ایک بار پھر تبدیلی کردی گئی ہے اور اب ملتان میں ون ڈے انٹرنیشنل نہیں ہو گا جبکہ پہلے دو میچ کراچی اور آخری میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

نئے پروگرام کے مطابق سری لنکن ٹیم اٹھارہ جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔ کراچی میں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بیس جنوری اور دوسرا اکیس جنوری کو کھیلا جائے گا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ چوبیس جنوری کو لاہور میں ہوگا۔

سابقہ پروگرام میں پہلا ون ڈے اکیس جنوری کو کراچی دوسرا چوبیس جنوری کو لاہور اور تیسرا ملتان میں ستائیس جنوری کو کھیلا جانا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ملتان کا میچ فیصل آباد سے منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹور پروگرام میں یہ تبدیلی سری لنکن کرکٹ بورڈ کی درخواست پر کی گئی ہے جس کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہوم سیریز کے سبب سری لنکن ٹیم پاکستان میں مختصر قیام کرنا چاہتی ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی تو مجوزہ پروگرام میں تین ٹیسٹ تین ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ شامل تھا لیکن سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اسوقت بھی اس میں تبدیلی کی درخواست کی تھی جس کے بعد ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کی جگہ دو ون ڈے میچوں کا اضافہ کردیا گیا تھا تاہم بعد میں سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اس پروگرام کو بھی منظور نہیں کیا۔