http://www.bbc.com/urdu/

Tuesday, 13 January, 2009, 20:21 GMT 01:21 PST

دورہ کی منسوخی،4 کروڑ ڈالر کا نقصان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے دورۂ پاکستان کی منسوخی سے بورڈ کو چار کروڑ ڈالر یا قریباً تین ارب بیس کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

کھیلوں کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی کے دورۂ پاکستان کی منسوخی سے صرف پاکستان کو ہی نقصان نہیں ہوا بلکہ بھارتی بورڈ کو پاکستان سے چارگنا زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مالی حالت ’خراب سے خراب تر ہوئی‘ اور گزشتہ اکتوبر میں ان کی سربراہی سنبھالنے سے دو برس قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس بیالیس ملین ڈالر کے مالی ذخائر تھے جو گزشتہ برس اکتوبر میں کم ہو کر صرف انیس ملین ڈالر رہ گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے دورۂ پاکستان سے بھی پی سی بی کو زیادہ مالی فائدہ نہیں ہو گا اور اس دورے سے پی سی بی کو صرف پانچ لاکھ ڈالر ہی ملیں گے۔اعجاز بٹ نے امید ظاہر کی کہ بھارتی ٹیم مستقبل قریب میں ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے حالیہ ماہ میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نومبر میں ممبئی دھماکوں کے بعد دونوں ملکوں میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے بھارتی حکومت نے کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔