آسٹریلیا کا ’وائٹ واش‘ مکمل

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 28 جنوری 2012 ,‭ 01:11 GMT 06:11 PST

آسٹریلیا نے سیریز کے دو میچ اننگز کے فرق سے جیتے

آسٹریلیا نے بھارت کو چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں بھی دو سو اٹھانوے رن سے ہرا کر سیریز چار صفر سے جیت لی ہے۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو فتح کے لیے پانچ سو رن کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن بھارت کی پوری ٹیم پانچویں دن دو سو ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پانچویں دن جب کھیل شروع ہوا تو آسٹریلیا کو فتح کے لیے چار وکٹیں درکار تھیں۔

بھارت کی ساتویں وکٹ گزشتہ روز کے سکور میں بغیر کسی اضافے کے اس وقت گری جب تیسرے ہی اوور میں ریان ہیرس نے ایشانت شرما کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا دیا۔

مجموعی سکور میں چار رن کے اضافے کے بعد ساہا بھی پویلین لوٹ گئے، انہیں پیٹر سڈل نے آؤٹ کیا۔

ظہیر خان نے ہلفنہاس کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو کیچ تھمانے سے قبل چند دلکش سٹروک کھیلے لیکن ان کی یہ اننگز بھارت کے کسی کام نہ آ سکی۔ یہ ہلفنہاس کی اس سیریز میں ستائیسویں وکٹ تھی۔

آؤٹ ہونے والے آخری بھارتی بلے باز امیش یادو تھے جنہیں نیتھن لیون نے کیچ کروایا۔

پیٹر سڈل کو اس میچ میں چھ وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے اس سیریز میں مجموعی طور پر تیئیس وکٹیں حاصل کیں۔

ویرات کوہلی اس سیریز میں بھارت کے ٹاپ سکورر رہے

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں مائیکل کلارک اور رکی پونٹنگ کی ڈبل سنچریوں کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر چھ سو چار رن بنائے تھے۔

اس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں دو سو بہتّر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو سولہ رنز بنائے تھے۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے اپنی اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو سڑسٹھ رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی اور بھارت کو جیتنےکے لیے پانچ سو ایک رنز کا ہدف دیا تھا۔

چار میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آسٹریلیا نے ایک سو بائیس رن، دوسرا میچ ایک اننگز اور اڑسٹھ رنز جبکہ تیسرا ایک اننگز اور سینتیس رنز سے جیتا۔

یہ انیس سو سڑسٹھ۔ارسٹھ کے بعد پہلا موقع ہے کہ بھارت کو آسٹریلیا میں کسی ٹیسٹ سیریز میں ’وائٹ واش‘ کی ہزیمت اٹھانا پڑی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔