
یہ میرے بہترین میچوں میں سے ایک تھا:جوکووچ
دنیائے ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
جمعہ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں جوکووچ نے ایک طویل اور دلچسپ مقابلے کے بعد برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دی۔
میچ میں ایک موقع پر مرے کو جوکووچ پر ایک کے مقابلے میں دو سیٹ کی برتری حاصل کی تھی لیکن اس موقع پر جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کیا اور آخری دو سیٹ جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
جوکووچ نے یہ چار گھنٹے پچاس منٹ طویل میچ تین چھ، چھ تین، سات چھ، چھ ایک اور سات پانچ کے سکور سے جیتا۔
میچ کے بعد جوکووچ نے کہا کہ ’میں ایک بار پھر فائنل میں پہنچ کافی خوش ہوں۔ یہ جسمانی طاقت والا میچ تھا، جو تقریبا پانچ گھنٹے تک چلا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اینڈی مرے کو اس بات کا کریڈٹ ملنا چاہیے کہ انہوں نے میچ میں واپسی کی۔ ہم دونوں میچ میں جدوجہد کر رہے تھے، یہ میرے بہترین میچوں میں سے ایک تھا‘۔
اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں دفاعی چیمپیئن جوکووچ کا مقابلہ سپین کے رافیل ندال سے ہوگا جنہوں نے سیمی فائنل میں راجر فیڈرر کو ہرایا تھا۔





















