
اس سے پہلے آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر چھ سو انسٹھ رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کر دی تھی
سڈنی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر بھارت نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چودہ رنز بنا لیے ہیں۔
جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو گوتم گھمبیر اڑسٹھ اور سچن تندولکر آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
بھارت کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مذید تین سو چون رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔
کلِک کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ
اس سے پہلے آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر چھ سو انسٹھ رنز بنا کر اننگز ڈکلییر کر دی تھی۔
میچ کے تیسرے دن کی خاص بات آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کی شاندار ٹرپل سینچری تھی۔ انہوں نے انتالیس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست تین سو انیس رنز بنائے۔
آسڑیلیا کے دوسرے نمایاں بلے باز مائیکل ہسی رہے، انہوں نے سولہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست ایک سو پچاس رنز بنائے۔
دونوں بلے بازوں نے بھارت کے خلاف پانچویں وکٹ کے لیے تین سو چونتیس رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
بھارت کی جانب سے ظہیر خان نے تین اور ایشانت شرما نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو اکیانوے رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بھارت کی جانب سے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ستاون جبکہ سچن تندولکر نے اکتالیس رنز بنائے۔
بھارتی بلے باز آسٹریلیا کی تباہ کن بالنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کے چھ بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہو سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹنسن نے چار جبکہ سڈلِ اور ہلفنہاس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو ایک سو بائیس رنز سے شکست دی تھی۔
منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

















