
جاکووچ نے 2011 میں آسٹریلین اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن جیتا
عالمی ٹینس فیڈریشن نے سربیائی لان ٹینس کھلاڑی نواک جاکووچ کو دو ہزار گیارہ کا عالمی چیمپیئن قرار دیا ہے۔
یہ سنہ دو ہزار تین کے بعد پہلا موقع ہے کہ راجر فیڈرر اور رافیل ندال کے علاوہ کسی کھلاڑی نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
چوبیس سالہ جاکووچ نے سنہ دو ہزار گیارہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گرینڈ سلام مقابلے، آسٹریلین اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن جیتے۔
اس سال جاکووچ مجموعی طور پر دس ٹورنامنٹس میں فاتح رہے اور انہوں نے عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔
عالمی چیمپیئن قرار دیے جانے پر جاکووچ کا کہنا تھا کہ ’ یہ میرے لیے بہترین بارہ ماہ تھے۔ میں نے ہمیشہ دنیا میں بہترین بننے کا خواب دیکھا تھا اور اس سال تین گرینڈ سلام مقابلے جیتنا اور عالمی نمبر ایک بننا بہت ہی خاص ہے‘۔

اکیس سالہ پیٹرا نے جمہوریہ چیک کو فیڈریشن کپ جتوایا
خواتین میں عالمی چیمپیئن کا اعزاز جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا نے حاصل کیا۔ 2011 میں پیٹرا نے نہ صرف ومبلڈن جیتا بلکہ اپنےملک کو فیڈریشن کپ میں بھی فتح دلوائی۔ وہ اس سال عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام تک بھی پہنچیں۔
ان کھلاڑیوں کو عالمی چیمپیئن ایوارڈز آئندہ برس پانچ جون کو فرنچ اوپن کے دوران پیرس میں منعقدہ تقریب میں دیے جائیں گے۔

















