
عمر اکمل چھپن رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تریپن رن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ وکٹوں پر صرف ایک سو چھیالیس رنز ہی بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے اوپنر برینڈن میکلم نے سینتالیس جبکہ آل راؤنڈر سکاٹ سٹائرس نے تینتالیس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹسمین بھی جم کر پاکستان بالروں کا مقابلہ نہ کر سکا۔
پاکستان کی طرف سے عمر گُل نے دو جبکہ سعید اجمل، شاہد آفریدی اور سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے برینڈن میکلم اور واٹلنگ نے اننگز کا آغاز کیا تو نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب بیس کے مجموعی سکور پر واٹلنگ آؤٹ ہوگئے۔ واٹلنگ سات رن بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے آؤٹ ہونے والے دوسری کھلاڑی گُپٹل تھے جو سترہ رنز بنا کر عمر گُل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ان کے بعد راس ٹیلر تیرہ رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ اس وقت گِری جب برینڈن میکلم سینتالیس رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سکاٹ سٹائرس تھے جو میچ کی آخری گیند پر تینتالیس رنز بنا کر عمر گُل کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے سب سے زیادہ چھپن رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے انچاس گیندوں پر چھپن رن بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عمران نذیر اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے مل کر 4.3 اووروں میں چالیس رنز بنائے جس کے بعد عمران نذیر کو بٹلر نے بولڈ کر دیا۔ عمران نذیر انیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل بھی چھبیس رن بنا کر بٹلر ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی بائیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے ہیں۔ شعیب ملک سات اور عبدالرزاق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بٹلر نے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ فرینکلن اور میکلم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں ون ڈے سیریز جیت چکی ہے تاہم اسے اپنے تین اہم کھلاڑیوں جیکب اورم، جیمزفرینکلن اور کائل ملز کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ کپتان ڈینیئل ویٹوری سمیت اب اس کے پاس بارہ کھلاڑی ہی دستیاب ہیں۔ کائل ملز اور جیمز فرینکلن ان فٹ ہیں جبکہ جیکب اورم بیٹے کی ولادت پر وطن چلے گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے لگاتار سات ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر جنوبی افریقہ کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتنے کا اعزاز بھی اسے ہی حاصل ہے ۔
پاکستان: کامران اکمل، عمران نذیر، عمر اکمل، شاہد آفریدی، شعیب ملک، فواد عالم، عبدالرزاق، محمد عامر، عمر گُل، شہیل تنویر اور سعید اجمل۔
نیوزی لینڈ: برینڈن میکلم، گپٹِل، ٹیلر، سٹائرس، بروم، واٹلنگ، فرینکلن، این میکلم، سودی، بٹلر اور بونڈ۔
© MMX