
پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جمعرات کو دبئی کے سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں ون ڈے سیریز جیت چکی ہے تاہم اسے اپنے تین اہم کھلاڑیوں جیکب اورم، جیمزفرینکلن اور کائل ملز کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ کپتان ڈینیئل ویٹوری سمیت اب اس کے پاس بارہ کھلاڑی ہی دستیاب ہیں۔کائل ملز اور جیمز فرینکلن ان فٹ ہیں جبکہ جیکب اورم بیٹے کی ولادت پر وطن چلے گئے ہیں۔
شاہد آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستانی ٹیم میں عمران نذیر، سہیل تنویر اور فواد عالم کی شمولیت یقینی ہے۔ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کرکٹرز بھی اس میچ میں موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کے برینڈن مک کیولم نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ747 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ پاکستان کے عمرگل سینتیس وکٹوں کے ساتھ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں سب سے آگے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی اس طرز کی کرکٹ میں حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد چونتیس ہے۔
پاکستانی ٹیم کو سب سے زیادہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے جس کی تعداد انیس ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جمعہ کو دبئی ہی میں کھیلا جائے گا۔
© MMX