Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Monday, 9 november, 2009, 16:19 GMT 21:19 PST

پاکستان میچ اور سیریز ہار گیا

ڈینئل ویٹوری

نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینئل ویٹوری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا

ابوظہبی میں تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر اور سپنر سیعد اجمل نے آخری وکٹ کی شراکت میں 103 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب لا کھڑا کیا تھا۔

پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سعید اجمل تھے جو میچ کے پچاسویں اوور کی پہلی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے آٹھ رنز درکار تھے۔ نوجوان بولر محمد عامر تہتر رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کے نو کھلاڑی صرف 101 کے سکور پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن دسویں وکٹ کی شراکت نے پاکستان کی امیدوں کو جگا دیا تھا۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کلِک تیسرے میچ کی تصویری جھلکیاں

پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز عمدہ انداز میں کیا لیکن مڈل آرڈر بیٹسمین عمدہ بیٹنگ نہ کر سکے۔ پاکستان کےدونوں اوپنروں خالد لطیف اور سلمان بٹ نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے۔خالد لطیف نے کائل ملز کے ایک اوور میں لگاتار تین چوکے بھی لگائے۔ پاکستان کو پہلا نقصان سینتالیس کے مجموعی سکور پر خالد لطیف کی وکٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب ڈینیئل ویٹوری نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

اکاون کے سکور کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب سلمان بٹ کپتان یونس خان کی کال پر رن آؤٹ ہوئے اور اس سے اگلی ہی گیند پر خود یونس خان بھی فاسٹ بولر شین بانڈ کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ شعیب ملک آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔ کامران اکمل اور عمر اکمل کو نیوزی لینڈ کے میڈیم فاسٹ بولر سوتھی نے آؤٹ کیا۔ شاہد آفریدی پانچ رنز سکور کر کے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آٹھویں آؤٹ ہو نے والے کھلاڑی عبد الرزاق تھے جو رن آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم سینتالیسویں اوور میں دو سو گیارہ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر برینڈن میکلم چھہتر رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ میکلم کے علاوہ راس ٹیلر نے چوالیس رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

عمر گل ون ڈے میچوں سو وکٹیں حاصل کرنے والے سولہویں پاکستانی کھلاڑی ہیں اور کم سے کم میچوں میں اس سنگِ میل تک پہنچنے والے پاکستانی بالروں کی فہرست میں وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کیوی بلے باز پاکستانی سپنرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تینتیس رن کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ سعید اجمل کی ایک روزہ میچوں میں بہترین بالنگ کارکردگی ہے۔ ان کے علاوہ محمد عامر نے دو جبکہ شاہد آفریدی، شعیب ملک اور عمر گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ عمر گل کی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سوویں وکٹ تھی۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے سولہویں پاکستانی کھلاڑی ہیں اور کم سے کم میچوں میں اس سنگِ میل تک پہنچنے والے پاکستانی بالروں کی فہرست میں وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

تیسرے میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستانی ٹیم میں محمد یوسف کی جگہ عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ تین میچوں کی اس سیریز میں مقابلہ ایک ایک میچ سے برابر ہے اور اس میچ کی فاتح ٹیم ہی سیریز کی فاتح ہوگی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ون ڈے سیریز دو ہزار چار میں نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی تھی جس میں نیوزی لینڈ نے چار، ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔

برینڈن میکلم

میکلم چھہتر رنز کی اننگز کھیل کر شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ ہوئے

تین ایک روزہ میچوں کی اس حالیہ سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بارہ اور تیرہ نومبر کو دبئی میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے اسّی ون ڈے میچوں میں سے پاکستان نے اڑتالیس جیتے ہیں، تیس میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک ٹائی ہوا ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔