
’یہ ہار فائنل سے پہلے ایک جھٹکا ہے‘
فرانس میں ہونے والے ہاکی کےعالمی کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان کی ٹیم سنیچر کو پولینڈ سے دو کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان ساتویں نمبر پر جبکہ پولینڈ کی ٹیم بائیسویں نمبر پر ہے۔
پاکستان کی ٹیم اس سے پہلے اپنے پول کے چاروں میچ جیت کر بارہ پوائنٹس حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی تھی۔ پاکستان کے علاوہ جاپان کی ٹیم نے بھی چار میچ جیت کر بارہ پوائنٹ حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اتوار آٹھ نومبر کو پاکستان اور جاپان کےدرمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
پولینڈ کے خلاف سنیچر کو کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں تو پاکستان کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور وقاص محمد نے انتیسویں منٹ پر فیلڈ گول کر کے پاکستان کو برتری دلا دی۔ پہلا ہاف ختم ہونے پر پاکستان کی ٹیم 0-1 سے جیت رہی تھی۔
دوسرے ہاف میں بیالیسویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے زبیر احمد نے ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری مستحکم کر دی لیکن اس کے بعد پولینڈ نے پینتالیسویں منٹ میں پہلا گول اتارہ اور پھر اٹھاونویں منٹ میں دوسرا گول بھی اتار دیا۔
پولینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے گول پر حملے جاری رکھے اور ساٹھویں منٹ میں تیسرا گول کرکے جو برتری حاصل کی وہ میچ کے خاتمے تک برقرار رہی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ جو بطور مینیجر ہاکی ٹیم کے ساتھ ہیں کہتے ہیں کہ ٹیم کچھ زیادہ خود اعتمادی کی وجہ سے لاپرواہی کا شکار ہوگئی جو کہ اکثر جیتنے والی ٹیمیں ہو جایا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فائنل سے پہلے ہمارے لیے ایک جھٹکا ہے اور اب ٹیم فائنل میں کوئی ایسی کوتاہی نہیں کرے گی اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کرے گی۔ سنیچر کو ہونے والے ایک اور میچ میں جاپان نے فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ حاصل کر لی۔
© MMIX