Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 6 november, 2009, 19:49 GMT 00:49 PST

تندولکر کی سنچری کے باوجود انڈیا کی ہار

سچن تندولکر

سچن تندولکر نے ایک روزہ میچوں میں سترہ ہزار ایک سو اڑسٹھ رنز بنائے ہیں

سٹار بیٹسمین سچن تندولکر کی شاندار سنچری کے باوجود انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان حیدرآباد میں کھیلا جانے والا پانچواں ایک روزہ میچ آسٹریلیا نے تین رنز سے جیت لیا ہے۔

جب میچ کے آخری اوور میں انڈیا کے کھلاڑی پراوین کمار رن آؤٹ ہوئے تو اس وقت ابھی انڈیا کی اننگز کے دو گیند باقی تھے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں 350 رنز جیسا بڑا سکور کیا۔ جس میں شان مارش کے 112 اور شین واٹسن کے 93 کی اننگز شامل تھی۔ دونوں نے 145 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ بنائی۔ ان کے علاوہ کیمرون وائٹ نے 57 رنز بنائے۔

پونٹنگ 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مائیک ہسی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انڈیا کی طرف سے وریندر سہواگ اور سچن تندولکر نے اننگز کا آغاز کیا اور جب سکور 66 پر پہنچا تو ہلفیناس کی گیند پر سہواگ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد انڈیا کا مڈل آرڈر یک دم ڈگمگا گیا اور تندولکر اور رائنا کے سوا کوئی بھی جم کر نا کھیل سکا۔

تندولکر نے اگرچہ ایک تاریخی اننگز کھیلی اور انڈیا کو فتح کے بالکل قریب لے آئے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور آسان شاٹ کھیلتے ہوئے میک کے کی گیند پر ہورٹز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت تندولکر کا سکور 175 جبکہ انڈیا کا 332 تھا اور اسے میچ جیتنے کے لیے صرف 18 رنز درکار تھے۔

لیکن انڈیا کے آخری تین کھلاڑی یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پہلے جدیجا رن آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد نہرا کو بولنگر نے آؤٹ کیا اور آخر میں پراوین کمار بھی تیز رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے۔

36 سالہ سچن تندولکر نے اب تک 435 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں اور 44.59 کی اوسط سے 17,168 رنز بنائے ہیں۔

اگرچہ انڈیا یہ میچ ہار گیا لیکن تندولکر کی شاندار اننگز کی وجہ سے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ ’ہارنا بہت مایوس کن تھا۔‘

انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان چھٹا ایک روزہ میچ اتوار کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا جبکہ اس کے تین روز کے بعد ممبئی میں ساتواں اور آخری میچ ہو گا۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔