Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 3 november, 2009, 11:28 GMT 16:28 PST

شاہد آفریدی مین آف دی میچ

شاہد آفریدی

آفریدی نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے صرف اکیاون گیندوں پر ستر رنز بنائے

ابوظہبی کے شیخ زائد سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے بین الاقوامی ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک سو اڑتیس رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لیے ایک سو اٹھاسی رنز کا ہدف دیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم چالیسویں اوور میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کلِک میچ کا سکور بورڈ

کلِک میچ کی تصاویر

شاہد آفریدی نے دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ آفریدی نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے صرف اکیاون گیندوں پر ستر رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وٹوری اور این میکلم کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ریڈمنڈ نے سب سے زیادہ باون رنز بنائے۔ ان کے علاوہ وٹوری نے اڑتیس اور برینڈن میکلم نے اکیس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں نہیں پہنچ سکا۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل، سعید اجمل، عبدالرزاق اور شاہد آفریدی نے دو دو جبکہ محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز ریڈمنڈ اور برینڈن میکلم نے کیا۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ تیس کے مجموعی سکور پر گری جب برینڈ میکلم اکیس رنز بنا کر عمر گل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ مجموعی سکور میں صرف چار رنز کے اضافے کے بعد عمر گل نے گپتل کو بھی بولڈ کر دیا اور اس سے اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے ٹیلر کی وکٹ حاصل کی۔ ٹیلر کوئی رن نہیں بنا پائے۔ سکاٹ سٹائرس پانچ رنز بنا کر عبدالرزاق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے آفریدی نے سب سے زیادہ ستر رنز بنائے۔ کامران اکمل سڑسٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑی خالد لطیف نے چونسٹھ رنز بنائے۔

شاہد آفریدی اور خالد لطیف نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں

شاہد آفریدی اور خالد لطیف نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی سکور میں ایک سو ایک رنز کا اضافہ کیا

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو اپنی اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب صفر کے سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ اس موقع پر کریز پر آنے والے سینئر کھلاڑی محمد یوسف نے نئے اوپنر خالد لطیف کے ساتھ مل کر سکور کو ستاون تک پہنچایا۔ محمد یوسف تیس رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 75 تھا۔

اس موقع پر شاہد آفریدی خالد لطیف کا ساتھ دینے کریز پر آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی سکور میں ایک سو ایک رنز کا اضافہ کیا۔ آفریدی نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے صرف اکیاون گیندوں پر ستر رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ آفریدی اورم کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ خلد لطیف نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے باسٹھ رنز بنائے اور وہ وٹوری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

کامران اکمل نے جارہانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ عبدالرزاق چھبیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی سلمان بٹ تھے جو شین بانڈ کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر وکٹ کیپر میکلم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد کریز پر آنے والے پاکستانی کپتان یونس خان بھی کوئی رنز نہ بنا سکے اور شین بانڈ کے اگلے اوور میں وکٹ کیپر میکلم نے ان کا کیچ لیا۔ عمر اکمل صرف نو رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم

شین بانڈ نے سلمان بٹ اور یونس خان کو آؤٹ کیا

نیوزی لینڈ کی جانب سے شین بانڈ اور وٹوری نے دو، جبکہ اورم ، ساوتھی اور بٹلر نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف باقی ایک روزہ میچ چھ اور نو نومبر کو ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بارہ اور تیرہ نومبر کو دبئی میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے79 ون ڈے میں پاکستان نے47 جیتے ہیں، 30 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک ٹائی ہوا ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ تاہم آخری پانچ ون ڈے میچ پاکستان کی شکست پر ختم ہوئے ہیں۔

دونوں کے درمیان آخری ون ڈے سیریز دو ہزار چار میں نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی تھی جس میں نیوزی لینڈ نے چار ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم:

اے جے ریڈمنڈ، بی میکلم، ایم جے گپتل، ٹیلر، سٹائرس، اورم، ویٹوری (کپتان)، این میکلم، ساوتھی، بٹلر، بانڈ۔

پاکستان کی ٹیم:

سلمان بٹ، خالد لطیف، یونس خان (کپتان)، محمد یوسف، عمر اکمل، شاہد آفریدی، کامران اکمل، رزاق، محمد عامر، عمر گل، سعید اجمل

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔