Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 30 october, 2009, 09:56 GMT 14:56 PST

’نیوزی لینڈ سیریز پاکستان کے لیے اہم‘

پاکستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ نیوزی لینڈ ہی نہیں کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کو مورال بلند کرنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز تین، چھ اور نو نومبر کو ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بارہ اور تیرہ نومبر کو دبئی میں ہونگے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انتخاب عالم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم یہ سیریز جیت کر نیوزی لینڈ جائیں تاکہ وہاں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں اس کے حوصلے بلند ہوں۔

انتخاب عالم نے کہا کہ اگرچہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی جس کی وجہ صرف اور صرف رنز کا ناکافی ہونا تھا لیکن پاکستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ نیوزی لینڈ ہی نہیں کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا وہ اب ختم ہوگئی ہے اور ٹیم کو کرکٹ پر اپنی مکمل توجہ مرکوز رکھتے ہوئے جیت کے لیے کھیلنا ہوگا۔

انتخاب عالم نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہنے کو وہ پاکستان کی ہوم سیریز ہے لیکن کنڈیشن اور وکٹیں سب کچھ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے موافق ہوں گی اور یہ پاکستانی ٹیم کے لئے چیلنج ہوگا کہ وہ اس سرد موسم میں اپنے آپ کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرسکے کیونکہ اس موسم میں نیوزی لینڈ میں کرکٹ نہیں ہوتی۔

انتخاب عالم نے کہا کہ ریگولر اوپنرز کا ٹیم میں موجود ہونا خوش آئند بات ہے لیکن اہم بات ان کا کامیاب ہونا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی بولنگ بہت مضبوط ہے اور اسپنرز جتنے اچھے ہیں تیز بولرز بھی کسی سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ میں پاکستانی ٹیم صرف تین ٹیسٹ میچـز کھیلی ہے جبکہ زیادہ تر وقت اس کا ون ڈے کھیلتے ہوئے گزرا ہے۔ کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ انداز میں ٹیسٹ کے ماحول میں ڈھالنا ہوگا جو زیادہ توجہ کا متقاضی ہوتا ہے کیونکہ اس میں پورے دن میں آپ کو نوے اوورز کھیلنے ہوتے ہیں اور صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے اور ہر شاٹ کو سمجھ بوجھ کر کھیلنا ہوتا ہے۔

انتخاب عالم نے کہا کہ ریگولر اوپنرز کا ٹیم میں موجود ہونا خوش آئند بات ہے لیکن اہم بات ان کا کامیاب ہونا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی بولنگ بہت مضبوط ہے اور اسپنرز جتنے اچھے ہیں تیز بولرز بھی کسی سے کم نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے79 ون ڈے میں پاکستان نے47 جیتے ہیں30 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے ایک ٹائی ہوا ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ تاہم آخری پانچ ون ڈے میچز پاکستان کی شکست پر ختم ہوئے ہیں۔

دونوں کے درمیان آخری ون ڈے سیریز دو ہزار چار میں نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی تھی جس میں نیوزی لینڈ نے چار ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔