
یہ دھونی کی ایک روزہ میچوں میں پانچویں سنچری ہے
آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ہونے والا دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ انڈیا نے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی شاندار سنچری کی بدولت ننانوے رنز سے جیت لیا ہے۔
ناگپور میں ہونے والے اس میچ میں دھونی نے ایک سو سات گیندوں پر ایک سو چوبیس رنز بنائے۔
انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز بنائے، جو انڈیا کا آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑا سکور ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
ان کے علاوہ گوتم گھمبیر نے چھہتر اور سریش رائنا نے باسٹھ سکور کیا۔
انڈیا کے بڑے سکور کے جواب میں آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور مائیک ہسی کے سوا کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ ہسی نے ترپن رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم دو سو پچپن پر آؤٹ ہو گئی۔
دھونی نے، جن کی ایک روزہ میچوں میں یہ پانچویں سنچری تھی، گھمبیر کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں ایک سو انیس رنز بنائے۔ ان کی سنچری میں نو چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔
اس کے بعد دھونی اور رائنا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ترانوے گیندوں پر ایک سو چھتیس رنز بنائے۔
دھونی نے شین واٹسن کی گیند پر چھکا لگا کر سنچری بنائی اور اس کے بعد اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا لگا دیا۔
پچاسویں اوور میں آسٹریلیا کے مچل جونسن نے انڈیا کے دو بیٹسمین آؤٹ کیے جن میں دھونی بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کمار رن آؤٹ ہوئے۔ جونسن نے اپنے مقررہ دس اوورز میں پچہتر رنز دے کر سہواگ، دھونی اور رائنا کو آؤٹ کیا۔ تندولکر چار رنز بنا کر سِڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کی طرف سے سب سے کامیاب بولر جدیجا رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کمار اور شرما کے حصے دو دو وکٹیں آئیں جبکہ نہرا اور ہربھجن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
© MMIX