
ہربھجن سنگھ نے اپنی اننگز میں تین چھکے لگائے
آسٹریلیا نے بھارت کو سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے دی ہے۔
آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر دو سو بانوے رن بنائے اور اس کے جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر دو سو اٹھاسی رن بنا سکی۔
میچ کے دوران ایک موقع پر بھارت کے سات کھلاڑی دو سو ایک کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن ہربھجن سنگھ اور پروین کمار کی جارحانہ بلے بازی نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔
وڈودرہ میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو کپتان رکی پونٹنگ، پین، کیمرون وائٹ اور مائیکل ہسی کی نصف سنچریوں کی بدولت وہ دو سو بانوے رن کا مجموعہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل ہسی نے چوّن گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تہتر رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے ایشانت شرما تین اور اشیش نہرا دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں رہے۔
دو سو ترانوے رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے اور سہنواگ پچیس جبکہ تندولکر پینتالیس کے مجموعی سکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔گوتم گمبھیر نے اڑسٹھ رنز کی پراعتماد اننگز کھیلی تاہم دوسرے اینڈ سے بھارتی وکٹیں گرتی رہیں اور ایک موقع ایسا آیا جب دو سو ایک کے مجموعی سکور پر سات بھارتی کھلاڑی پویلین میں واپس جا چکے تھے۔
اس موقع پر ہربھجن سنگھ اور پروین کمار نے آسٹریلوی بالروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اختتامی اوورز میں ایسا لگنے لگا کہ بھارت یہ میچ جیت جائے گا۔ تاہم آخری اوور میں پیٹر سڈل نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کو بولڈ کیا بلکہ بھارت کو مطلوبہ ہدف بھی حاصل نہ کرنے دیا۔ ہربھجن سنگھ نے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے اکتیس گیندوں پر انچاس رن بنائے جبکہ پروین کمار بتیس گیندوں پر چالیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دوسرا میچ اٹھائیس اکتوبر کو ناگپور میں کھیلا جائے گا۔
© MMIX