
اغوا ہونے والی ٹیم کو مونگ پھلی فروشوں کی ٹیم کہا جاتا تھا
کولمبیا کی سرحد کے پار وینزویلا سے دس لاشیں ملی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ یہ کولمبیا کی ایک اغوا ہونے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ہو سکتی ہیں۔
لاشوں پر گولیوں کے نشان ہیں۔ ٹیم کے ایک کھلاڑی کے بارے میں خیال ہے کہ وہ بچ گیا ہے۔ ٹیم کو دو ہفتے قبل اغوا کیا گیا تھا۔
کولمبیا میں حکام کا خیال ہے کہ اس واردات کے پیچھے بائیں بازوکے گوریلا گروپ ای ایل این کا ہاتھ ہے۔ٹیم کے کھلاڑیوں کو مونگ پھلی فروش بھی کہا جاتا تھا کیونکہ وہ سرحد کے ساتھ ساتھ یہی کام کرتے تھے۔
وینزویلا کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ابھی اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ لاشیں فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کی ہیں یا نہیں۔ تاہم مقامی اخبار یہی کہہ رہے ہیں کہ یہ لاشیں کھلاڑیوں کی ہیں۔
مقامی حکام کا بھی یہی کہنا ہے اور وہ اس مبینہ واردات کا الزام ای ایل این پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی تصدیق بچ جانے والے واحد کھلاڑی نے کی ہے۔
قتل کی وجہ کے بارے میں کچھ بھی وثوق سے نہیں کہا جا سکتا لیکن کہا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ ای ایل این کی فوج میں زبردستی بھرتی ہو سکتی ہے۔
© MMIX