
بولٹ کا کہنا ہے کہ بچپن میں ان کے کرکٹ ہیرو پاکستان کے تیز بالر وقار یونس تھے
اوسین بولٹ دوڑ میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور یہ ان کے ریکارڈز سے بھی ثابت ہے لیکن انہوں نے کرکٹ کے میدان میں بھی کمال کر دکھایا جب انہوں نے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کِرس گیل کو چھکا بھی مارا اور انھیں کلین بولڈ بھی کر دیا۔
دنیا کے تیز ترین انسان نے جو چار کرکٹ ٹیموں پر مشتمل ایک خیراتی ٹورنامنٹ میں شریک تھے اور اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، تماشائیوں کو پندرہ اوور کے میچ میں اپنی بولنگ اور بیٹنگ سے خوب متاثر کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کے ماضی اور حال کے چند جانے مانےکرکٹر بھی شامل تھے۔ میچ کا مقصد سکول میں کھیلوں کے سامان کے لیے فنڈ اکٹھا کرنا ہے۔
اس میچ میں بولٹ کی ٹیم کنگسٹن کی ٹیم سے دو وکٹوں سے ہار گئی۔
ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کرنے کے بعد اپنی ٹیم کے لیے بولٹ نے دس گیندوں پر تیرہ رنز بنائے۔ ان رنز کے لیے انھیں جمیکا ہی سے تعلق رکھنے والے کِرس گیل کی آف سِپن کا سامنا تھا۔بولٹ کے ان تیرہ رنز میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔
لیکن بلے کی نسبت بولٹ کی گیند کے ساتھ کارکردگی بہتر رہی۔ انھوں نے لمبے رن اپ اور اچھی رفتار کے ساتھ کرس گیلز کو پہلی ہی گیند پر باؤنسر کرایا۔ اس وقت گیل تیزی سے رن بنا رہے تھے۔
اور تئیس برس کے بولٹ نے اس وقت مجمے کو حیران کرتے ہوئے خوب داد بھی پائی جب انھوں نے کرس گیل کی وکٹیں ہی اڑا دیں۔ ساتھ ہیں انھوں نے گیلز کو جو ان کے دوست بھی ہیں پویلین میں واپس جانے کا اشارہ بھی کر دیا۔
بولٹ کا کہنا ہے کہ بچپن میں ان کے کرکٹ ہیرو پاکستان کے تیز بالر وقار یونس تھے۔وہ کہتے ہیں ’میں نے کرس سے کہا تھا کہ مجھ سے بچ کے رہے لیکن شاید اس نے میری بات پر یقین نہیں کیا‘۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں بچپن میں کرکٹ اچھی کھیلتا تھا اور میرے کوچ کا کہنا تھا کہ مجھے بالنگ پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ میں تیز دوڑ لیتا تھا۔ بولٹ نے جنھوں نے اس میچ میں سینتیس رنز دے کر (گیلز کی) ایک وکٹ حاصل کی کہا کہ وہ اپنے سکول کی طرف سے کھیلتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز کیا کرتے تھے۔
ویسٹ انڈیڈ کے ماضی کے ایک مایہ ناز بالر کرٹلی ایمبروز بھی جو وہاں موجود تھے، بولٹ کی کارکردگی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ’جب بولٹ نے کرس گیلز کو پہلی گیند کرائی تو مجھے کافی حیرانی ہوئی۔‘
© MMIX