
جنسن بٹن پانچویں نمبر پر آئے لیکن یہ ان کے عالمی چیپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے کافی تھا۔
برطانیہ کے جنسن بٹن نے رواں برس کے فارمولا ون ریسر چیمپئین ہونے کا اعزاز جیت لیا ہے۔ برازیل میں ہونے والے گرانڈ پریکس مقابلوں میں ان کی پانچویں پوزیشن آئی لیکن اس کی وجہ سے انہیں اتنے پوائنٹس مل گئے جس کے بعد وہ سال کے اول نمبر کے فارمولہ ون ریسر قرار پائے ہیں۔ یہ ریس ریڈ بل کے مارک ویبر نے جیتی۔
جنسن بٹن نے چودہویں پوزیشن سے ریس شروع کی لیکن بہت عمدہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے کئی گاڑیوں کو اوورٹیک کیا اور پانچویں نمبر پر آ گئے۔ اس طرح ان کے 89 پوائنٹس ہو گئے جو نمبر ون ہونے کے لیے کافی تھے۔
ویسے تو وہ جیت کے قریب تھے ہی لیکن ان کے اہم حریف ربنز بریچیلو کی گاڑی پنکچر ہونے کی وجہ سے ان کی جیت یقینی ہو گئی۔
بی ایم ڈبلیو سابرز کے رابرٹ کوبیکا مکلیرین کے لیوس ہیملٹن سے آگے دوسرے نمبر پر رہے جبکہ چھ ڈرائیور مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔
بٹن نے جیت کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پچھلی کچھ ریسیں ذرا تھکا دینے والی تھیں، خاص کر کوالیفائی کرنے والی۔ لیکن میرے لیے آج کی ریس عالمی چیمپیئن بننے کے قابل تھی۔۔۔ یہ ایک عزیم ریس تھی، بہت پُر مزہ۔‘
© MMIX