
جیسیکا کو سفر میں آٹھ ماہ لگیں گے
ایک سولہ سالہ آسٹریلوی لڑکی نے کشتی پر اکیلے دنیا کے گرد چکر لگانے کے لیے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
جیسیکا واٹسن نامی یہ نو عمر لڑکی دنیا کے گرد اکیلے اور بغیر کسی کی مدد کے سفر کرنے والے سب سے کم عمر انسان کا ریکارڈ قائم کرنا چاہتی ہے۔
واٹسن اتوار کو سڈنی سے اپنی گلابی رنگ کی کشتی پر تئیس ہزار میل کے سفر پر روانہ ہوئیں۔ انہیں یہ فاصلہ طے کرنے میں آٹھ ماہ لگیں گے۔
جیسیکا نے اس سے پہلے ستمبر میں تربیت کے دوران اپنی کشتی ایک مال بردار بحری جہاز سے ٹکرا دی تھی جس کے آسٹریلوی حکام نے انہیں اپنا ارادہ ترک کرنے کے لیے کہا تھا۔
حکام کا خیال تھا کہ جیسیکا کو کشتی چلاتے ہوئے اونگھ آ گئی تھی۔ البتہ جیسیکا کا اور ان کے خاندان کا کہنا ہے انہیں کشتی رانی کا تجربہ ہے اور وہ یہ ریکارڈ قائم کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
اسی نوعیت کے ایک اور تنازعہ میں ہالینڈ کی تیرہ سالہ لارا ڈیکر کو وہاں کے حکام نے یہی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش سے روک دیا تھا۔ لارا کو حکام نے ریاست کی تحویل میں دے دیا ہے۔
اس سے پہلے آسٹریلوی نوجوان جیس مارٹن نے انیس سو ننانوے میں اٹھارہ سال کی عمر میں بغیر کسی امداد کے دنیا کے گرد اکیلے چکر لگانے کا قائم کیا تھا۔
© MMIX