Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 17 october, 2009, 21:59 GMT 02:59 PST

میرا ڈونا کو نئے تنازعے کا سامنا

میراڈونا

میرا ڈونا کے ’ملامتی جملے‘ ٹی وی چینلز نے براہِ راست دکھائی

فٹبال کی کورننگ باڈی فیفا ارجنٹینا کے کوچ ڈی ایگو میرا ڈونا کے ان مذمتی الفاظ کا جائزہ لینے والی ہے جو انہوں نے یوروگوئے کے ساتھ میچ کے بعد استعمال کیے تھے۔

یہ الفاظ میرا ڈونا نے یوروگوئے کے خلاف میچ جیتنے کے بعد صحافیوں اور ان پر تنقید کرنے والوں کے خلاف استعمال کیے تھے۔ ارجنٹینا نے بدھ کو انتہائی تناؤ والے میچ کے بعد یوروگوئے کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر جنوبی افریقہ میں 2010 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

فیفا کے صدر سیپ بلیٹر نے کہا کہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کو کہا جائے اس کی تحقیق کرے۔

اگر ان پر الزام ثابت ہوتا ہے کہ انہوں نے فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے تو اڑتالیس سالہ میرا ڈونا پر کم از کم پانچ میچوں کے لیے پابندی لگ سکتی ہے۔

تاہم ارجنیٹینا کی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ جولیو گرانڈونا کا کہنا ہے کہ ’اگر یہ کوئی اور کوچ یا کھلاڑی ہوتا تو اس معاملے کو اتنی توجہ نہ دی جاتی۔‘

’ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ متلون مزاج آدمی ہیں اور وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پھر کبھی اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کریں گے۔‘

میرا ڈونا ارجنٹینا کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر آئے ہیں لیکن انہوں نے دونوں جگہ پریس کے خلاف اپنے غصے پر معذرت کرنے سے انکار کیا ہے۔

جمعرات کو ریڈیو کونٹیننٹل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کیوں معذرت کریں۔ ’میں صرف ان لوگوں کے خلاف ردِ عمل کا اظہار کر رہا تھا جو میرے خلاف بولے تھے۔ بس سب کچھ یہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ انہیں لگ رہا تھا کہ بہت سے صحافی نہیں چاہتے کہ ارجنٹینا کی ٹیم ورلڈ کپ فائنلز کے لیے کوالیفائی کرے۔

’میرے لیے یہ ارجنیٹینا کی مخالفت کے برابر ہے، جو کہ میں معاف نہیں کر سکتا۔‘

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔