
اینڈی روڈک ٹینس سیزن کی طوالت سے پریشان ہیں
امریکی ٹینس کھلاڑی اینڈی راڈک گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے چین میں جاری شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
روڈک جو اس ٹورنامنٹ میں فورتھ سیڈ تھے، دوسرے راؤنڈ کے میچ میں چوٹ کا شکار ہوئے۔
جب راڈک کو چوٹ لگی تو انہیں سٹینسلاس ویورنکا کے خلاف پہلے سیٹ میں چار تین کی برتری حاصل تھی۔
میچ سے دستبردار ہونے کے بعد راڈک نے کہا کہ ’چوٹ اتنی شدید تھی کہ مجھے میچ روکنا پڑا۔ اس سے آگے میں کچھ نہیں جانتا کیونکہ یہ میرا شعبہ نہیں ہے‘۔
ستائیس سالہ امریکی ٹینس کھلاڑی نے حال ہی میں ٹینس کے عالمی سیزن کی طوالت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ٹینس کھلاڑیوں کو وقفے کی ضرورت ہے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو کھلاڑی زخمی ہو سکتے ہیں یا پھر تھکن کا شکار کو سکتے ہیں۔
انہوں نے اس سلسلے میں عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر اور برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے کی مثال بھی دی تھی جو بالترتیب تھکاوٹ اور کلائی میں چوٹ کی وجہ سے ایشیائی ٹینس مقابلوں میں حصہ نہیں لے رہے۔
© MMIX