Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 2 october, 2009, 05:57 GMT 10:57 PST

جانسن سال کے بہترین کھلاڑی

مچل جانسن

مچل جانسن نے گزشتہ بارہ ماہ میں سترہ ٹیسٹ میچوں میں اسّی وکٹیں حاصل کی تھیں

آسٹریلیا کے مچل جانسن نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

انہوں نے یہ ایوارڈ جمعرات کی شب جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ہونے والی ایک تقریب میں حاصل کیا۔

ستائیس سالہ مچل جانسن نے اگست سنہ 2008 سے اگست سنہ 2009 کے درمیان شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سترہ ٹیسٹ میچوں میں اسّی وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراؤس، بھارتی بلے باز گوتم گمبھیر اور بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی سے تھا۔

سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز نہ پانے کے باوجود گوتم گمبھیر کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر اور دھونی کو سال کا بہترین ون ڈے کرکٹر قرار دیا گیا۔

پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی اس برس آئی سی سی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہا اور صرف ایک پاکستانی کھلاڑی عمرگل آئی سی سی ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

آئی سی سی ایواڈز

کرکٹر آف دی ایئر: مچل جانسن(آسٹریلیا)

ٹیسٹ پلیئر آف دی ائیر: گوتم گمبھیر(بھارت)

ون ڈے پلیئرآف دی ایئر:_مہندر سنگھ دھونی(بھارت)

ایمرجنگ پلیئر آف دی ائیر: پیٹر سڈل (آسٹریلیا)

ایسوسی ایٹ پلیئر: ولیم پوٹر فیلڈ (آئرلینڈ)_

ٹوئنٹی ٹوئنٹی پرفارمنس: تلکرتنے دلشان (سری لنکا)

سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ: نیوزی لینڈ

ایمپائر آف دی ائیر: علیم ڈار (پاکستان)

تاہم اس برس پاکستانی ایمپائر علیم ڈار نے سال کے بہترین ایمپائر کا اعزاز جیتنے میں کامیاب رہے۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے شعبے میں سری لنکن کھلاڑی تلکارتنے دلشان کو سال کی بہترین ٹوئنٹی ٹوئنٹی کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ ویسٹ انڈیڈ کے خلاف اوول کے میدان میں ستاون گیندوں پر چھیانوے رن کی شاندار اننگز کھیلنے پر دیا گیا۔

اس زمرے میں دلشان کا مقابلہ پاکستان کے شاہد آفریدی اور عمر گل سے تھا لیکن ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح آئی سی سی ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہے۔

آسٹریلوی بالر پیٹر سڈل کو سال کا بہترین ابھرتا ہونا نوجوان کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سڈل نے گزشتہ بارہ ماہ کے دوران بارہ ٹیسٹ میچوں میں انچاس وکٹیں حاصل کی ہیں۔

آئی سی سی ایوارڈ کے سلیکشن پینل میں سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی کلائیو لائیڈ، بھارتی سپنر انیل کمبلے، انگلش وکٹ کیپر باب ٹیلر، پاکستانی اوپنر مدثر نذر اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان سٹیفن فلیمنگ شامل تھے۔.

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔