Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Sunday, 20 september, 2009, 13:42 GMT 18:42 PST

سمینیا: شونے کی برطرفی کا مطالبہ

جنوبی افریقہ کی اتھلیٹ کاسٹر سمینیا کی جنس کے متعلق تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر لیونارڈ شونے کو متنازع عالمی چیمپئن ایتھلیٹس کاسٹر سمینیا کی جنس کے تعین کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ کے معاملے پر برطرفی کے مطالبوں کا سامنا ہے۔

لیونارڈ شونے نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اگست میں آٹھ سو میٹر کی دوڑ سے قبل کاسٹر سمینیا کے ٹیسٹوں کے بارے دروغ گوئی سے کام لیا تھا۔

سمینیا کے طلائی تمغہ جیتنے کے بعد کھیلوں کے عالمی ادارے آئی اے اے ایف کی گورننگ باڈی نے جب سمینیا کی جنس کے بارے میں شک رفع کرنے کے لیے جنسی معائنہ کرانے کی بات کی تھی تو شونے نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

جنوبی افریقہ میں کھیلوں کے نائب وزیر گرٹ اوستھوئی زین نے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ادارہ ایک جھوٹے کی قیادت میں کام کرنے کا خطرہ مول لے رہا ہے‘۔

سمینیا کی جنس کے تعین کے لیے ٹیسٹ کرانے کا معاملہ ذرائع ابلاغ میں دوڑ کے باقاعدہ نتائج کے سرکاری اعلان سے قبل ہی افشا ہو گیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے نائب وزیر اوستھوئی زین کا کہنا ہے کہ ان کی وزارت شونے کے اس اعتراف پر حیران رہ گئی کہ انہیں گزشتہ ماہ برلن میں ہونے والے عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں سے قبل ہی اس بات کا علم تھا کہ سمینیا کی جنس کے تعین کے لیے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

اوستھوئی زین کا کہنا ہے کہ ان کے محکمے نے اس سلسلے میں برلن مقابلوں سے قبل اور برلن مقابلوں کے بعد شونے سے رپورٹ طلب کی تھی لیکن انہیں کچھ موصول نہیں ہوا۔

آئی اے اے ایف سمینیا کے مزید ٹیسٹوں کے احکامات دے چکی ہے اور بی بی سی سپورٹس کا خیال ہے کہ اس سے انہی نتائج کی توقع ہے کہ سمینیا ایسا بین الجنسی وجود ہیں جس میں مردانہ اور زنانہ دونوں طرح کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔