
گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران راجر فیڈرر نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں
ویمبلڈن میں مردوں کے ٹینس کے فائنل کے لیے دنیا کے نمبر دو کھلاڑی راجر فیڈرر اور امریکی کھلاڑی اینڈی روڈک کے درمیان تاریخی مقابلہ ہوگا۔
27 سالہ سوئس راجر فیڈرر چھٹا ومبلڈن ٹائٹل جیتنے کی امید کررہے ہیں۔ اگر ایسا ہوگیا تو وہ اپنے کیریئر کی پندرھویں بڑی کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پیٹ سیمپراس کا گرانڈ سلیم ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
امریکی کھلاڑی اینڈی روڈک نے سیمی فائنل میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو شکست دی تھی۔
اس وقت دنیا کے نمبر ون ٹینس کا ٹائٹل رفیل نڈال کے پاس ہے تاہم وہ زخمی ہونے کے باعث اس مرتبہ اپنے ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکے۔
فائنل جیتنے کی صورت میں عالمی نمبر ون کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی فیڈرر کے حصے میں آئے گا۔
گزشتہ ماہ راجر فیڈرر نے فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔ ان کا کہنا ہے ’کسی بھی گرینڈ سلیم فائنل سے پہلے دباؤ تو ہوتا ہی ہے۔ اور اگر آپ کو یہ معلوم ہو کہ ٹائٹل تک پہنچنے کے لیے صرف ایک اور میچ باقی ہے تو اس سے آپ کی ذہنی حالت متاثر ہوتی ہے۔ تو اس صورت حال میں سخت محنت کرنا فائدہ مند ہی ثابت ہوتا ہے‘۔
فیڈرر اور روڈک اس سے قبل آل انگلینڈ کلب کے فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کرچکے ہیں اور کامیابی فیڈرر کے حصے میں آئی۔
فیڈرر کا کہنا ہے کہ ’میں اور روڈک تقریباً ہم عمر ہیں۔ ہم کئی مرتبہ ایک دوسرے کا آمنا سامنا کرچکے ہیں۔ روڈک کا کھیل بہت بہتر ہوچکا ہے۔ آج کا مقابلہ دلچسپ رہے گا‘۔
فیڈرر کی نئی اہلیہ اس وقت امید سے ہیں۔ فیڈرر کا کہنا ہے کہ اپنے پہلے بچے کی ولادت کے بارے میں وہ کافی پرجوش ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت بہترین ٹینس کھیل رہے ہیں۔’ مجھے اس گیم سے پیار ہے اور میں چاہوں گا کہ طویل عرصے تک یہ کھیل کھیل سکوں‘۔
دوسری جانب روڈک بھی یہ فائنل جیتنے کی بھرپور امید کررہے ہیں۔ اس سے قبل وہ دو مرتبہ ومبلڈن میں فیڈرر سے ہار چکے ہیں تاہم اس کا کہنا ہے کہ ان شکستوں نے ان کے اعتماد کو کمزور نہیں کیا ہے۔ ’میں اپنی شکست کو منفی انداز میں نہیں دیکھتا‘۔
© MMX