Advertisement

سیرینا ولیمز ومبلڈن کی فاتح

 سیرینا ولیمز

یہ سیرینا کا گیارہواں گرینڈ سلام اعزاز ہے

لندن میں کھیلے جانے والے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے فائنل مقابلے میں امریکہ کی سیرینا ولیمز نے اپنی بہن اور دفاعی چیمپئن وینس ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی ہے۔

وینس ولیمز گزشتہ دو برس سے یہ ٹورنامنٹ جیتتی آ رہی تھیں تاہم اس مرتبہ ستائیس سالہ سیرینا نے یہ مقابلہ سات چھ اور چھ دو سے جیت کر اپنا تیسرا ومبلڈن اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے اس سے قبل سنہ 2002 اور سنہ 2003 میں ومبلڈن مقابلے جیتے تھے۔ یہ سیرینا کا گیارہواں گرینڈ سلام اعزاز ہے اور وہ ومبلڈن کے علاوہ آسٹریلین اور یو ایس اوپن بھی جیت چکی ہیں۔

پہلے سیٹ میں دونوں بہنوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور یہ سیٹ ٹائی بریکر پر ختم ہوا جو سیرینا نے سات تین کے سکور پر جیتا۔ تاہم دوسرے سیٹ میں وینس ولیمز اپنے عمدہ کھیل کا سلسلہ برقرار نہ رکھ سکیں اور سیرینا نے یہ سیٹ دو کے مقابلے میں چھ گیمز سے جیت کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔

فتح کے بعد سیرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ ’مجھے اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ میں نے ٹرافی جیت لی ہے۔ میں خود کو اس مقام پر پا کر بہت خوش قسمت تصور کر رہی ہوں‘۔ اپنی مدِمقابل کے بارے میں بات کرتے ہوئے سیرینا نے کہا کہ ’وینس گھاس کی بہترین کھلاڑی ہے اور میں ڈبلز مقابلوں میں اس کے ساتھ کھیلنے کو بےچین ہوں‘۔

خیال رہے کہ سیمی فائنل مقابلوں میں وینس ولیمز نے ایک آسان مقابلے کے بعد دنیائے ٹینس کی نمبر ایک کھلاڑی روس کی دینارا سفینہ کو شکست دی تھی جبکہ سیرینا ولیمز کو فائنل تک رسائی کے لیے مدِ مقابل روسی کھلاڑی ایلینہ دیمنتیوا سے کڑے مقابلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔