
یوسف اور مصباح کے درمیان سو رن کی شراکت ہوئی
سری لنکا کے شہر گال میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے دو سو بانوے رن کے جواب میں تین سو بیالیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سری لنکا نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے دوسری اننگز میں ایک ہی اوور کھیلا جو میڈن رہا۔
پاکستان کی طرف سے محمد یوسف نے سب سے زیادہ ایک سو چودہ رن بنائے۔مصباح الحق چھپن رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ شعیب ملک اڑتیس رن پر آؤٹ ہوئے۔ یوسف اور مصباح کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے ایک سو انتالیس اور پھر یوسف اور شعیب ملک کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے پچھتر رن کی شراکت ہوئی۔
کلِک تفصیلی سکور کارڈ کے لیے یہاں کلک کریں
کلِک پہلے دن کے کھیل کی تصاویر
مصباح الحق جب آؤٹ ہوئے ٹیم کا کل سکور دو سو انیس تھا۔ اس سے پہلے پاکستان کی چوتھی وکٹ اسی کے سکور پر گری تھی۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے جنہوں نے پچیس رن بنائے۔ انہیں میتھیو نے آؤٹ کیا۔ کامران اکمل اکتیس رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی طرف سے کلاسیکیرا نے اکہتر رن دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔ دوسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کے پندرہ رن پر دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ پاکستانی کپتان یونس خان اور نائٹ واچ مین عبدالرؤف کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ صفر کے سکور پر اس وقت گری جو کالو سیکیرا نے سلمان بٹ کو کلین بولڈ کر دیا۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی خرم منظور تھے جنہیں تھشارا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ انہوں نے دو رن بنائے۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی عبدالرؤف تھے جنہوں نے اکتیس رن بنائے۔
اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں دو سو بانوے رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے اوپنر پرناوتانا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی قابلِ ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ پرناوتانا نے گیارہ چوکوں کی مدد سے بہّتر رن کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے محمد عامر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ کپتان یونس خان نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکن اوپنر پرناوتانا نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا
پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور یونس خان کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد عامر نے اوپنر ورناپرا کو صرف تین کے مجموعی سکور پر بولڈ کر دیا۔ کپتان سنگاکارا بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور صرف نو رن بنا کر محمد عامر کا دوسرا شکار بنے۔
عامر نے تین اور سعید اجمل اور عبدالرؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ ملتان میں سنہ 2004 کے ٹیسٹ کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم دانش کنیریا کے بغیر میدان میں اتری ہے جبکہ ٹیم میں اس وقت تین نئے بالر رکھے گئے ہیں جن میں دو فاسٹ بالر سترہ سالہ محمد عامر، تیس سالہ عبدالرؤف اور آف سپنرسعید اجمل شامل ہیں۔ آئی سی ایل کھیلنے والوں میں محمد یوسف وہ پہلے کھلاڑی ہیں جو ٹیسٹ میچ میں واپس آئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں سلمان بٹ، خرم منظور، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، شعیب ملک، کامران اکمل، سعید اجمل، عمر گل، محمد عامر اور عبدالرؤف شامل ہیں۔ دوسری جانب مرلی دھرن سری لنکا کی ٹیم میں زخمی ہونے کے باعث شامل نہ ہوسکے۔ ان کی جگہ ٹیم میں 31 سالہ لیفٹ آرم سپنر رنگانا ہرات اور آف سپنر سورج کلاہلملا کو شامل کیا گیا ہے۔
© MMIX